Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیور پول اور بارسلونا کی پوزیشنز خطرے میں پڑگئیں

لیور پول:چیمپیئنز لیگ فٹبال ٹورنامنٹ کے اہم میچوں کے دوران ہسپانوی کلب بارسلونا اور انگلش کلب لیور پول کو فرانس کے کلب لیون اور جرمنی کے کلب بائرن میونخ کے خلاف میچ برابر کھیلنے پر مجبور ہونا پڑا اور دونوں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہے۔اس صورتحال سے لیور پول کو دھچکا لگا ہے جو اپنے گروپ میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ بارسلونا اور بائرن میونخ پہلے ہی اپنے اپنے گروپ میں سر فہرست ہیں ۔اب دونوں بڑی ٹیموں لیور پول اور بارسلونا کی پوزیشنز خطرے میں دکھائی دے رہی ہیں۔فرانس کے شہر لیون کے گروپاما اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے دوران بارسلونا کے کپتان لیونل میسی اور معروف فاورڈ لوئس سواریز کو میزبان فرانسیسی کلب لیون کے خلاف گول کرنے کے سنہری موقع ملے لیکن گول کیپر مارک آندرے نے بہت شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے یقینی گول بچائے اور بارسلونا کو لیگ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے سے روک دیا۔میچ میں فتح بارسلونا کو اپنے گروپ میں دوسرے نمبر کے کلب ٹوٹنہم کے خلاف برتری6پوائنٹس تک بڑھانے کا موقع فراہم کر سکتی تھی لیکن اسے ایک پوائنٹ پر ہی اکتفا کرنا پڑا ۔ دوسری جانب انگلش کلب لیور پول کو جرمن کلب بائرن میونخ نے اپنے عمدہ کھیل سے باندھے رکھا اور گول کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا ۔پہلے ہاف کا کھیل مکمل طور پر بائرن میونخ کے نام رہا اور اس کے دفاع نے لیور پول کو آگے بڑھنے کا کوئی موقع نہیں دیا۔محمد صلاح اور سعدیو مانے کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن دونوں ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔بائرن میونخ کلب بھی گول نہ کرسکا لیکن گروپ میں پہلی پوزیشن کی وجہ سے اس کےلئے ایک پوائنٹ بھی برتری مستحکم کرنے کا سبب بنا ۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ " اردو  نیوز اسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: