Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشترکہ اعلامیہ جاری، سعودی ، ہند دفاعی تعاون کے فروغ پر متفق

نئی دہلی ۔۔ ۔ ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ کے اختتام پر سعودی ، ہندوستانی مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ فریقین نے دفاع کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے ، تربیت اور تجربات کے تبادلے ، مشترکہ سمندری فوجی مشقیں پہلی فرصت میں منعقد کرنے اور مختلف شعبوں میں تربیتی پروگراموں کا دائرہ وسیع کرنے کا فیصلہ کیا۔ بری اور بحری عسکری سسٹم اور فاضل پرزے مشترکہ طور پر تیار کرنے کا بھی عہد کیا گیا۔ دونوں ملکوں نے بحر ہند کے ساحل پر آباد ممالک کے ساتھ مل کر عالمی تجارت کو محفوظ راہداری فراہم کرنے ، دونوں ملکوں کی خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے محفوظ سمندری سفر اور سمندر میں امن وامان کے حوالے سے جدوجہد کا عزم بھی ظاہر کیا۔فریقین نے ولی عہد کے دورہ ہند، دونوں ملکوںکے درمیان دوستانہ تعلقات کی منفرد حیثیت ، باہمی تعاون ، افہام و تفہیم ، نیک نیتی اور مفادات کے احترام پر اطمینان کا اظہار کیا۔نریندر مودی نے مملکت میں اعتدال اور کھلے پن کے مشن پر سعودی ولی عہد کی کوششوں پر انہیں مبارکباد دی جبکہ محمد بن سلمان نے روا داری اور ہندوستان کے کثیر مذہبی ،تہذیبی اور لسانی معاشرے کو آگے بڑھانے پر ہندوستان کیلئے قدر ومنزلت کا اظہار کیا۔ فریقین نے اسٹراٹیجک شراکت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ نیٹی ایوگ سینٹر اور سعودی سینٹر کے درمیان منعقدہ ورکشاپ کے نتائج خصوصاً مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون اور سرمایہ کاری کے 40سے زیادہ مواقع کی نشاندہی کا خیر مقدم کیا۔
 

شیئر: