Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پولیو ورکرزکو دھمکانے پر اداکار فواد خان کیخلاف مقدمہ

 
  لاہور (رائے شاہنواز)لاہور پولیس نے اداکار فواد خان کے خلاف پولیو ورکرز کو دھمکانے اور کارسرکار میں مداخلت جیسی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ یہ مقدمہ فیصل ٹاون پولیس اسٹیشن میں درج کیاگیا۔ اردو نیوز کو موصول ہونے والی ایف آر کے مطابق ڈاکٹر احسن جو کہ فیصل ٹاون میں انسداد پولیو مہم کے سربراہ ہیں نے پولیس کو رپورٹ کیا کہ ایک گھر کا سربراہ اپنے بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری ہے۔پولیو اسٹاف کو دھمکیاں دے رہا ہے۔ دیگر افراد کو بھی اس بات پر اکسا رہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلائیں۔ جس گھرکا پتا ایف آئی آر میں دیا گیا ہے وہ فواد خان کے نام ہے۔ دوسری طرف فواد خان کی جانب سے جاری بیان میں اس مقدمے کو من گھڑت قرار دیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ19 فروری کو پہلی مرتبہ جب اینٹی پولیو ٹیم انکی رہائش پر گئی اس وقت انکی اہلیہ اور بچے گھر پر موجود نہ تھے جبکہ وہ خود بھی13فروری سے بیرون ملک ہیں۔ پولیوٹیم دوبارہ گئی تب بھی انکی اہلیہ اور بچی گھر پر نہ تھے۔ڈرائیور کے ذریعے انکی بیوی نے مکمل ہوجانے والی ویکسی نیشن رپورٹ پولیو ٹیم کو دکھائی جسے انھوں نے تسلیم کرنے سے ا نکار کیا تھا۔ فواد خان نے اپنی بیٹی کی ویکسی نیش شیٹ بھی عوام کے سامنے پیش کر دی جس میں ان کی بیٹی کے باقاعدگی سے پولیو ویکسین پینے کاشیڈول درج ہے۔میڈیا کو جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کا زبردست حامی ہوں اور اس حوالے سے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی گائیڈلائنز کو پوری طرح سے سمجھتا ہوں۔ فواد خان نے وا ضح کیا کہ ان کی شہرت کو نقصان پہچانے کی کوشش کی گئی اور وہ عدالت جانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
تھانہ فیصل ٹاون کے انچارج انویسٹی گیشن رانا شاہد نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'پولیس نے وہی مقدمہ درج کیا جس کی انہیں درخواست دی گئی'۔ فواد خان کے وکیل نے پولیس سے رابطہ کیا ہے اور بتایا ہے کہ وہ ملک سے باہر ہیں۔ جس پر پولیس نے ان سے سفری دستاویزات مانگی ہیں۔ انچارج انوسٹی گیشن کے مطابق دستاویزات دیکھنے کے بعد ہی تفتیش کا معاملہ آگے بڑھے گا۔یاد رہے کہ فواد خان نے 14 فروری کو پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ اس وقت لندن میں ہیں۔ 

شیئر: