Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

10 لیٹر کی بوتلیں بند، اب صرف 5 لیٹر والی ملا کرینگی، زمزم ادارہ

مکہ مکرمہ۔۔۔۔ زمزم کی بوتلیں 10 لیٹر کے بجائے 5 لیٹر کر دی گئی ہیں۔ زمزم سپلائی کرنے والے تمام اداروں سے 10 لیٹر کی بوتلیں ختم کردی گئی ہیں۔ اب مملکت بھر میں صرف 5لیٹر کی بوتلیں سپلائی ہوا کریں گی۔ کنگ عبداللہ پروجیکٹ برائے زمزم کی انتظامیہ نے نئی تبدیلی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رسد اور طلب میں توازن پیدا کرنے کیلئے زمزم کی بوتل کا حجم چھوٹا کردیاگیا ہے۔ سعودی ویژن 2030 سے ہم آہنگی کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔ اس ویژن کے تحت حجاج اور معتمرین کی تعداد آئندہ آنے والے برسوں میں کئی گنا بڑھ جائے گی۔ علاوہ ازیں سیزن کے علاوہ سال بھر حجاج اور معتمرین کی بڑی تعداد کو زمزم فراہم کرنا ہوتا ہے۔ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کیلئے بوتلوں کا حجم کم کرنا پڑا ہے۔ انتظامیہ نے زمزم پلانٹ میں نئی تبدیلی کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ پیداوار کے تمام مراحل کے علاوہ تقسیم کے مرحلے تک تمام امور کو نئی تبدیلی سے اہم آہنگ کردیاگیا ہے۔ زمزم حاصل کرنے والے پہلے کی طرح بوتلیں حاصل کرتے رہیں گے۔ زمزم کے حصول کی کارروائی پہلے کی طرح ہی رہے گی۔ قواعد و ضوابط میں بھی کوئی فرق نہیں کیاگیا۔ صرف یہ تبدیلی کی گئی ہے کہ پہلے 10لیٹر کی بوتل ملا کرتی تھی اب ا س کی جگہ 5لیٹر کی بوتلیں دستیاب ہونگی۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ زائرین اور معتمرین کی سہولت کیلئے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مدینہ منورہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر زمزم فراہم کرنے والے ادارے کو پہلے کی طرح 5 لیٹر کی بوتلیں ہی پہنچائی گئی ہیں۔  ان بوتلوں کو مسافر اپنے ساتھ جہاز میں لے جاسکتے ہیں۔ انتظامیہ نے کہا کہ زائرین و معتمرین کے علاوہ زمزم حاصل کرنے کے خواہشمندوں کو چاہئے کہ زمزم کی بوتلیں ادارے سے حاصل کریں۔ راہ چلتے لوگوں سے معاملہ نہ کیاجائے۔ نہ ہی ٹھیلے لگانے والوں سے انہیں خریدا جائے۔ 
 

شیئر: