Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایرانی میزائل پروگرام میں رکاوٹ کون ڈال رہا ہے؟

تہران....ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ تہران کی جانب سے میزائلوں کے تجربات میں ناکامی کے پیچھے امر یکہ کا ہاتھ ہے۔امریکی حکومت ایک سازش کے تحت ایران کے میزائل پروگرام میں خرابی پیدا کرکے اسے نقصان پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ نے ایک بیان میں اعتراف کیا کہ ایران کو اس کے میزائل پروگرام میں خرابیاں پیدا کرنے کی امریکی سازشوں کے حوالے سے ٹھوس معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ ایرانی عہدیدار کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب خود ایرانی حکومتی حلقوں میں میزائل پروگرام کے حوالے سے اختلافات پائے جا رہے ہیں۔ حاجی زادہ نے کہاکہ ایران کے میزائل پروگرام میںفالٹ پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم سمجھ گئے ہیں کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران ہمارے میزائل پرورگرام کو کس کس نے کن طریقوں سے ناکام بنانے کی مذموم کوشش کی۔ اگر بیرون ملک سے میزائلوں کیلئے کوئی پرزہ منگوانا پڑتا ہے تو امر یکہ اس میں رکاوٹیں ڈالتا ہے۔ اس سازش کا مقصد اور ہدف تہران کو میزائل ٹیکنالوجی سے محروم کرنا ہے۔ دشمن نے پہلے ہمیں میزائل سازی سے روکا۔ اس کے بعد بیرون ملک سے پرزہ جات کی ترسیل پر پابندی لگائی گئی۔ اب الیکٹرانک آلات ایران کو فراہم کرنے سے روک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے دشمنوں کی ان تمام سازشوں کے باوجود تہران اپنے دفاعی پروگرام پر کوئی سمجھو تہ نہیں کرے گا۔

شیئر: