Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب یورپی سربراہ کانفرنس کے خوشگوار نتائج پر مصری صدر کو شاہ سلمان کی مبارکباد

شرم الشیخ۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ عرب یورپی سربراہ کانفرنس کے نتائج خوشگوار رہے۔ اس پر مصری صدر شکریہ اور تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے پیر کو شرم الشیخ سے روانگی پر مصری صدر عبدالفتح سیسی کے نام اپنے پیغام میں تحریر کیا کہ وہ مصر میں شاندار استقبال اور فیاضانہ ضیافت پر آپ کے ممنون و مشکور ہیں۔ مصر کے دورے اور اس موقع پر ہونے والے مذاکرات نے سعودی عرب اور مصر کے گہرے تعلقات کو مزید اجاگر کردیا۔ اس دورے کے موقع پر تمام شعبوں میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کے مشترکہ جذبے کا اظہار بھی بھرپور طریقے سے کیا جاسکا۔ اس سے دونوں برادر ملکوں کے عوام کے درمیان اخوت و محبت کے رشتوں میں نئی روح دوڑ گئی۔ شاہ سلمان نے اپنے پیغا م میں تحریر کیا کہ عرب یورپی سربراہ کانفرنس کے خوشگوار نتائج قابل تعریف ہیں۔ کانفرنس کو کامیاب بنانے میں آپ کا نمایاں کردار رہا۔ شاہ سلمان نے صدر مصر کیلئے خیرسگالی اور مصر کے برادر عوام کی مزید ترقی ، خوشحالی اور امن و استحکام کی آرزو بھی ظاہر کی۔ شاہ سلمان نے شرم الشیخ میں پہلی عرب یورپی سربراہ کانفرنس میں سعودی وفد کی قیادت کی اور اس موقع پر جامع خطاب بھی کیا۔ شاہ سلمان پیر کو مصر کا دورہ مکمل کرکے شرم الشیخ سے روانہ ہوگئے۔ مصری صدر عبدالفتح سیسی ، مصر کے وزراء، اعلیٰ عہدیدار اور سعودی سفارتکار الوداع کہنے کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ 

شیئر: