Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فجر کی نماز،بلیک ٹکٹنگ اور پی ایس ایل

رائے شاہنواز
لاہور کے رہائشی محمد علی گلبرگ میں ٹی سی ایس کے دفتر کے باہر لگی لائن میں کھڑے لوگوں سے ذرا مختلف دکھائی دے رہے ہیں وہ لائن میں تو نہیں لیکن لائن میں کھڑے لوگوں کی آگے بڑھ کے مدد اور رہنمائی میں پیش پیش ہیں۔ یہ پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے میچوں کے ٹکٹ خریدنے والوں کی لائن ہے۔

جب محمد علی سے پوچھا کہ کیا ان کی کسی نے ڈیوٹی لگائی ہے تو ان کا جواب تھا کہ وہ ایک عام شہری ہیں اور پچھلے کئی گھنٹے سے وہ خود ہی لوگوں کو ٹکٹس سے متعلق معلومات فراہم کررہے ہیں۔ اس کی وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ اب کی بارمجھے پی ایس ایل کا 500 روپے کا ٹکٹ فوری مل گیا جبکہ پچھلے سال نہیں ملا کیونکہ ٹکٹ بلیک بہت ہوا تھا۔ اب کی بار تو میں نے بھی توڑ ڈھونڈا۔ فجر کی نماز پڑھ کے نکل آیا اور ٹکٹ خرید لیا۔ علی نے لاہور میں ہونے والے تینوں میچوں کے ٹکٹ خریدے ہیں ان کا کہنا ہے کہ وہ کسی خاص ٹیم کو سپورٹ نہیں کر رہے بلکہ کرکٹ کو سپورٹ کررہے ہیں یہ بڑی خوشی ہے کہ پاکستان میں میچ ہورہے ہیں اور وہ ہر میچ دیکھنے اسٹیڈیم جائیں گے۔ علی نے نہ صرف اپنے ٹکٹ خریدے بلکہ فوری اپنے دوستوں کو بھی بلا لیا یوں وہ پاکستان میں کرکٹ بحالی مہم میں اپنے انداز میں حصہ ڈال رہے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے لاہور اور کراچی میں شیڈول میچوں کی ٹکٹوں کی باقاعدہ فروخت شروع ہو چکی ہے۔ پی ایس ایل چوتھے ایڈیشن کے8 میچ پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ جبکہ ملک بھر میں ٹی سی ایس کی 55 برانچوں پر یہ ٹکٹ دستیاب ہیں۔ بلیک ٹکٹنگ کی روک تھام کرنے کے لئے شہری ایک شناختی کارڈ پر 2سے زیادہ ٹکٹ نہیں خرید سکتے۔ کورئیر کمپنی ٹی سی ایس لاہورریجن کی انتظامیہ نے بتایا کہ ٹکٹ ہاتھوں ہاتھ بک رہے ہیں
کراچی میں ہونے والے فائنل کے 500 روپے والے ٹکٹ ایک گھنٹے میں فروخت ہوئے ہیں۔ پاکستان میں کھیلے جانے والے میچوں کے ٹکٹوں کی قیمت500 روپے سے3 ہزار روپے تک ہے۔17 مارچ کو کراچی میں کھیلے جانے والے فائنل کے ٹکٹ500 روپے سے8 ہزار روپے میں دستیاب ہیں۔ کراچی کے نیشل اسٹیڈیم میں کل 30 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اس سے پہلے پی ایس ایل کے ٹکٹ آن لائن بھی فروخت کےلئے پیش کئے گئے جو ہاتھوں ہاتھ بک گئے۔
پی ایس ایل انتظامیہ کا کہناہے کہ مجموعی میچوں کے کل20 فیصد ٹکٹ آن لائن فروخت کےلئے پیش کئے گئے۔
                 

شیئر: