Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران انارکی، فرقہ واریت کے پرچار اور خانہ جنگیوں کی مدد بند کرے، آل نہیان

ابوظبی ۔۔۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے انتہا پسندی اور دہشتگردی میں معاونت یا فنڈ یا سرپرستی یا مدد کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کا مطالبہ کردیا۔ وہ جمعہ کو متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی 46 ویں کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ یہ کانفرنس او آئی سی کے قیام کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی۔ اماراتی وزیر نے کہا کہ ہماری اپیل ہے کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی پر اکسانے سے روکنے کے لئے تدابیر اپنائی جائیں۔ خصوصاً ذرائع ابلاغ کو اشتعال انگیزی سے روکا جائے۔ انتہا پسندانہ اور دہشتگردانہ افکار کے پرچار اورخانہ جنگیاں جاری رکھنے پر آمادہ کرنے والی ابلاغی تحریک پر قدغن لگائی جائے۔ یہ ایسی سرگرمیاں ہیں جو تباہ کن ہیں۔ ان سے نمٹنا لازم ہے۔ انہوں نے امن و سلامتی کے تحفظ کے سلسلے میں او آئی سی کو زیادہ بڑا کردارادا کرنے پر زوردیا۔ بن زاید نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں جھگڑوں کی آگ بھڑکانے والے فریقوں کی سرپرستی بند کرے۔ انارکی اور فرقہ واریت کا پرچار نہ کرے۔ پڑوسی ممالک میں مداخلت کا سلسلہ ترک کردے۔اماراتی وزیر نے مسئلہ فلسطین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انکا ملک خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام او رمشرقی القدس کو اسکا دارالحکومت بنانے کے مطالبات سمیت فلسطینی عوام کے جملہ حقو ق دلانے کے سلسلے میں فلسطین کیساتھ ہے۔ مسلم وزرائے خارجہ کی کانفرنس آج ہفتے کو بھی جاری رہیگی۔ اس کے 56ممالک رکن ہیں اور 5ممالک مبصر کی حیثیت سے شریک ہیں۔

شیئر: