Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سی بی آئی والوں نے ہیلی کاپٹر معاملے میں بعض لوگوں کو ملوث کرنے کو کہاتھا، کرسٹیان میچل

    نئی دہلی- - -   آگسٹا  ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر  معاہدے میں  ہزاروں  کروڑ  روپے  کے گھپلے  کے سلسلے میں گرفتار کرسٹیان میچل نے منگل کو یہاں  عدالت  میں پیشی  کے  دوران  یہ انکشاف کرکے  سب کو  حیران کردیا کہ 3600  کروڑ  مالیت  کے آگسٹا  ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر  سودے کا معاملہ   سامنے آنے کے بعد  سی بی آئی  نے اسے  چند شخصیات  کو  ملوث کرنے کو کہا تھا۔  میچل کا کہنا  تھا کہ سی بی آئی والوں نے دبئی میں  اس سے ملاقات کرکے  یہ مشورہ  دیتے ہوئے  دھمکی بھی دی تھی کہ  اگر اس نے  انکے کہنے پر عمل نہ کیا  تو اسے جیل "مسائل"  کا  سامنا کرنا پڑے گا۔  میچل کا کہنا   تھا کہ  یہ  دھمکی انہیں  دہلی لانے  سے قبل دی گئی تھی۔ میچل نے   یہ سارے بیانات  اپنے وکیل کی موجودگی میں انکے  توسط سے  قلمبند کرائے۔ اس نے  تہاڑ جیل حکام کی  طرف سے کسی گمنام  جگہ ہائی  سیکیورٹی   زون منتقل کرنے کی کوشش کی بھی مخالفت کی۔  تہاڑ جیل کے  حکام کا کہنا تھا کہ  تہاڑ جیل میں میچل کی جان کو    خطرات لاحق ہونے کا اندیشہ   ہے ۔ خصوصی  عدالت  کے جج نے اس کے  بعد تہاڑ جیل کے سپرنٹنڈنٹ  کو    ہدایت کی  کہ  وہ میچل کو اس جیل کے اندر کسی  دوسرے سیل یا کوٹھری میں منتقل کردیں۔ واضح ہو کہ  میچل کو 22 دسمبر کو  دبئی سے   دہلی لانے کے  فوراً  بعد ہی گرفتار کرلیاگیا تھا۔ اس   دوران  سی بی آئی کے خصوصی وکیل استغاثہ نے ملزم کی طرف سے   لگائے گئے  الزامات کو  جھوٹا اور   غلط  قرار دیا۔
مزید پڑھیں:- - - -قبائلیوں کی جانب سے ’’بھارت بند‘‘تحریک کا آغاز،ہنگامے اوراحتجاجی مظاہرے

شیئر: