’چار گھنٹے کی باتھ روم بریک‘، چین میں انجینیئر ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھا
’چار گھنٹے کی باتھ روم بریک‘، چین میں انجینیئر ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھا
اتوار 14 دسمبر 2025 12:15
کیمرے کی فوٹیج میں میں لی کے بار بار باتھ روم جانے کے مناظر محفوظ تھے (فوٹو:شٹرسٹاک)
چین میں ایک انجینیئر کو بار بار بہت زیادہ دیر تک باتھ روم جانے کی وجہ سے نوکری سے نکال دیا گیا۔ کمپنی میں ملازمت کرنے والے شخص کا کہنا ہے کہ وہ بواسیر کے مرض میں مبتلا ہے۔
ہانگ کانگ کے اخبار ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق جیانگ سو صوبے سے تعلق رکھنے والے نام لی نامی انجینیئر نے اپریل سے مئی 2024 کے درمیان ایک مہینے میں 14 بار ’باتھ روم بریکس‘ لیں اور ایک بار وہ چار گھنٹے تک بیت الخلا میں رہے۔
اس معاملے کو شنگھائی فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز نے اُس وقت رپورٹ کیا جب لی نے کمپنی کے خلاف غیر قانونی برطرفی پر عدالت سے رجوع کیا۔
انہوں نے ثبوت کے طور پر وہ ادویات پیش کیں جو ان کے ساتھی نے مئی اور جون میں آن لائن خریدی تھیں اور جنوری میں اُن کے ہسپتال داخل ہونے اور سرجری کے ریکارڈ بھی دِکھائے۔
لی نے کمپنی پر مقدمہ دائر کیا اور معاہدہ غیر قانونی طور پر ختم کرنے پر تین لاکھ 20 ہزار یوآن معاوضے کا مطالبہ کیا۔
کمپنی نے عدالت میں نگرانی کرنے والے کیمروں کی فوٹیجز پیش کیں جن میں لی کے بار بار اور طویل وقت تک باتھ روم جانے کے مناظر محفوظ تھے۔
عدالت سمجھتی ہے کہ لی کا باتھ روم میں گزارا گیا وقت اس کی جسمانی ضرورت سے کہیں زیادہ تھا۔ اس کے علاوہ ان کی جانب سے پیش کردہ طبی ریکارڈ اس مدت کے بعد کا ہے جب وہ بار بار باتھ روم جا رہے تھے۔
لی نے اپنی بیماری کے بارے میں کمپنی کو پہلے سے آگاہ نہیں کیا اور نہ ہی معاہدے کے مطابق بیماری کی وجہ سے پیشگی چھٹی کی درخواست دی۔
جب کمپنی نے لی کی غیر موجودگی محسوس کی تو چیٹ ایپ کے ذریعے ان سے رابطہ کیا، مگر کوئی جواب نہیں ملا۔
لی نے اپنی بیماری کے بارے میں کمپنی کو آگاہ نہیں کیا اور نہ ہی پیشگی چھٹی کی درخواست دی (فوٹو: روئٹرز)
لی کی نوکری کی نوعیت ایسی تھی کہ ان کے لیے ہر وقت کام سے متعلق پیغامات کا جواب دینا ضروری تھا۔ نگرانی کرنے والے کیمروں کی فوٹیجز دیکھنے کے بعد کمپنی نے انہیں نوکری سے نکال دیا۔
لی نے 2010 میں یہ کمپنی جوائن کی تھی اور 2014 میں مستقل مدت کا معاہدہ دوبارہ کیا تھا۔
معاہدے کے مطابق بغیر اجازت کچھ وقت کے لیے کام چھوڑ دینا غیر حاضری شمار ہوتا ہے اور 180 دن میں تین ورکنگ ڈیز غیر حاضر رہنے پر فوری برطرفی ہو سکتی ہے۔
کمپنی نے لی کو نکالنے سے پہلے لیبر یونین سے بھی اجازت لی تھی۔
عدالت نے دونوں فریقین کے درمیان صلح کروائی اور کمپنی کو قائل کیا کہ لی کی کمپنی کے لیے خدمات اور بے روزگاری کی مشکل کو دیکھتے ہوئے انہیں 30 ہزار یوآن بطور امداد دیئے جائیں۔