Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایکس پر عمران خان سے متعلق پوسٹس کی خفیہ طور پر رسائی کم کی جا رہی ہے: جمائما

جمائما گولڈ سمتھ نے ایلون مسک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جیل میں قید ان کے سابق شوہر عمران خان کے حوالے سے پوسٹس کو محدود کرنا بند کریں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ’خفیہ طور پر رسائی کم کرنے‘ کا الزام عائد کیا ہے۔
دا ٹیلی گراف کے مطابق تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ایلون مسک کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم جیل میں عمران خان کی صحت سے متعلق پوسٹس کو محدود کر رہا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام اور ایکس پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا کہ گروک کے مطابق جب وہ اپنے سابق شوہرعمران خان کی جیل میں حالت، قید یا اپنے بیٹوں کی والد سے ملاقات کے بارے میں پوسٹ کرتی ہیں، تو ایکس کا الگورتھم ان پوسٹس کو محدود کر دیتا ہے۔
گروک ایلون مسک کی کمپنی کی جانب سے بنایا گیا ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گروک نے یہ بھی بتایا کہ پاکستانی حکام نے ’عمران خان کے قریبی حلقے کی جانب سے کی جانے والی تنقید کو اپنی آن لائن نگرانی کی اولین ترجیح بنا رکھا ہے‘، اور ساتھ یہ بھی کہا کہ ’ایکس خاموشی سے اتنا تعاون کر رہا ہے کہ پلیٹ فارم ملک میں چلتا رہے۔‘
جمائما گولڈ سمتھ نے کہا کہ عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں اور ان کے نام اور تصویر دکھانے پر پاکستان کے ہر ٹی وی اور ریڈیو چینل پر پابندی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’اس وجہ سے ایکس ہی واحد آزاد پلیٹ فارم تھا جہاں اس ناانصافی کو اُجاگر کیا جا سکتا تھا۔‘
جمائما گولڈ سمتھ نے لکھا کہ ’ایلون مسک بار بار یہ یقین دہانی کراتے رہے ہیں کہ ایکس پر آزادیِ اظہار کا تحفظ کیا جائے گا اور قانونی سیاسی رائے کو دبایا نہیں جائے گا۔‘
انہوں نے گروک کی فراہم کردہ معلومات کا حوالہ بھی دیا جن کے مطابق 2025 میں ایکس پر ان (جمائما) کی پوسٹس دیکھنے والوں کی تعداد 97 فیصد کم ہو گئی۔
یہ تعداد 2023 اور 2024 کے آغاز میں ماہانہ 40  سے 90 کروڑ کے درمیان تھی، جو رواں سال کم ہو کر تقریباً دو کروڑ 86 لاکھ رہ گئی ہے۔
ان کی پوسٹ کے مطابق فیصلہ کن موڑ مئی میں آیا جب پاکستان میں ایکس پر عائد پابندی ختم کی گئی۔ اس کے بعد ان کی ایک پوسٹ کو 40 لاکھ ویوز ملے مگر پھر ان کی رسائی بری طرح متاثر ہوئی اور تقریباً صفر کے قریب آ گئی۔

 

شیئر: