جدہ کے پہلے میئر فارسی کا انتقال
جدہ۔۔۔ جدہ کے پہلے میئر انجینیئر محمد سعید فارسی کا 83 برس کی عمر میں بیرون مملکت انتقال ہوگیا۔ فارسی نئے جدہ کے بانی¿ اول مانے جاتے ہیں۔ وہ تقریباً 14 برس تک جدہ کے میئر رہے۔ عوام کی خدمت کیلئے ذیلی بلدیاتی کونسلوں کا قیام اور ساحل کو جدہ شہر کا حصہ بنانے جیسے افکار انہیں کے تھے۔ انہوں نے 400 سے زیادہ جمالیاتی مجسمے تیار کراکر شہر میں جگہ جگہ نصب کرائے۔ ان کا امتیاز یہ ہے کہ کوئی بھی مجسمہ کسی جاندار کا نہیں بلکہ اسلامی تہذیب و ثقافت کی نمائندہ علامتوں مثلاً قلم، قرآنی آیات، نباتات خصوصاً پھولوں کا استعمال کیاگیا۔ وہ 1972ءسے 1986 ءتک جدہ کے میئر رہے۔ 1350 ھ میں مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے تھے۔ اسکندریہ یونیورسٹی سے 1963ء میں بی ٹیک ، 1982 ءمیں ایم ٹیک اور پھر 1987ءمیں پی ایچ ڈی کی تھی۔