Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لکھنؤ: میوہ فروش کشمیری نوجوان پر بھگوا غنڈوں کا تشدد؟

لکھنؤ۔۔۔اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں واقع ڈالی گنج پل پر جمو ں و کشمیر کے کلگام کے چلرنوراباغ کا رہنے والا نوجوان محمد افضل نائک خشک میوہ  فروخت کررہا تھا جسے بھگوا غنڈوں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔اس واقعہ کا وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں صاف نظر آرہا ہے کہ بھگوا(نارنجی) رنگ کا لباس پہنے شرپسندوں نے سڑک پرخشک میوہ فروخت کرنیوالے نوجوان کو زدوکوب کررہے ہیں۔ موقع پر موجود لوگوں نے مداخلت کرکے نوجوان کو بچایا۔متاثرہ کشمیری نوجوان نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر واقعہ کی رپورٹ درج کرادی۔ حسن گنج تھانہ انچارج انسپکٹر دھیرج کمار شکلا کے مطابق محمد افضل نائک ڈالی گنج پْل پر ڈرائی فروٹ فروخت کررہا تھا کہ 3،4نوجوان وہاں پہنچے اور افضل سے خشک میوہ  فروخت کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے آدھار کارڈ طلب کیا اوربعد ازاں لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کرکے زخمی کردیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیااوردیگر کی گرفتاری کی کارروائی جاری ہے۔واضح ہو کہ گزشتہ دنوں اتر پردیش کے ضلع بریلی میں وشو ہندوپریشد کے کارکنان نے پولیس کی موجود گی میں ایک آرٹس اینڈ کرافٹس نمائش کے دوران کشمیری اسٹالز کو بند کرادیا تھا۔ پولیس نے ہنگامہ، مار پیٹ اور قتل کی دھمکی دینے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔
مزید پڑھیں:- - -  -بغیراجازت ملبہ پھینکنے پر 5ہزار روپے جرمانہ؟

شیئر: