Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند عالمی برادری کو گمراہ کر رہا ہے ،دفتر خارجہ

  ا سلام آباد...ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستانی حکومت اور میڈیا ناکامیاں چھپانے اور سیاسی مقاصد کیلئے عالمی برادری اور ہندوستانی عوام کو مسلسل گمراہ کررہا ہے۔ ہند کی طرف سے ڈوزیئر موصول ہوا ہے اس کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔ جلد آگاہ کیا جائےگا۔بالاکوٹ میں ہندوستانی ایئر فورس کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی اقوام متحدہ کے قراردادوں اور عالمی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں 2014ءسے جاری ہیں۔حالیہ کارروائیوں کو پلوامہ سے جوڑنا ہندوستانی پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔ جاری بیان کے مطابق ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے ہندوستانی جارحیت کا سنجیدہ اور ذمہ داری سے جواب دیا۔ پاکستان پلوامہ حملے سے متعلق بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔پلوامہ حملے کی وجہ مقامی ہیں۔ حملے میں مقامی بارود اور گاڑی کا استعمال کیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ اس کے باوجود وزیراعظم پاکستان نے تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی اور ہندسے قابل عمل شواہد مانگے۔ انہوںنے کہاکہ ہندکی جانب سے پاکستانی ایف 16 طیارے کو مار گرانے کی خبریں سراسر بے بنیاد ہیں۔ہندنے اپنی عوام کو مطمئن کرنے کیلئے بے بنیاد خبریں بنائیں۔ وزیراعظم پاکستان نے ہندوستانی پائلٹ کو جذبہ خیرسگالی و امن کے تحت واپس کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بین الاقوامی برادری پر زور دیتی ہے کہ وہ ہندوستانی حکومت کی جانب سے کشمیر میں ڈھائے جانے والے ظلم وستم کو رکوائے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نکالا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ پوری دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو تسلیم کرتی ہے۔نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں 2014ءسے جاری ہیں ۔حالیہ کارروائیوں کو پلوامہ سے جوڑنا ہندوستانی پروپیگنڈا کا حصہ ہے۔

شیئر: