Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نادرا کا چِپ کے بغیر کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ، کیا فوائد حاصل ہوں گے؟

پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے نئے شناختی کارڈ کا کیو آر کوڈ پڑھ کر تصدیق کی جا سکے گی (فوٹو: نادرا)
ترجمان نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا ) کے مطابق ’پولی کاربونیٹ میٹریئل سے تیارکردہ نیا شناختی کارڈ مائیکروچِپ کے بغیر ہوگا۔‘
نئے شناختی کارڈ میں درآمدی مائیکرو چِپ کی جگہ محفوظ کیو آر کوڈ شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے قومی شناختی کارڈ کی تصدیق عام سمارٹ فون سے بھی ممکن ہو سکے گی۔
پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے نئے شناختی کارڈ کا کیو آر کوڈ پڑھ کر تصدیق کی جا سکے گی،کیو آر کوڈ میں کارڈ ہولڈر کی متعلقہ شناختی معلومات اور تصویر موجود ہوگی۔
کیو آر کوڈ کے ذریعے نام، پتہ اور دیگر شناختی معلومات کے اندراج کے دوران غلطیوں میں کمی آئے گی، ئنے شناختی کارڈ پر نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا۔
ٹیلی کام کمپنیوں، بینکوں، ہسپتالوں، پاکستان ریلوے، پولیس اور دیگر مجاز اداروں کو کیو آر کوڈ تصدیق کا سوفٹ ویئر فراہم کیا جائے گا۔
نئے شناختی کارڈ پر خاندان نمبر اور معذور افراد، بزرگ شہریوں، اعضاء عطیہ کرنے والوں اور پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے شہریوں کے مخصوص نشانات بھی ہوں گے۔
کیو آر کوڈ پر مبنی نیا قومی شناختی کارڈ 14 اگست 2026 سے موجودہ چِپ کے بغیر ٹیسلن شناختی کارڈ کی جگہ مرحلہ وار جاری کیا جا رہا ہے۔
جنوری 2027 سے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا کارڈ (نائیکوپ) اور جووینائل کارڈ سمیت تمام اقسام کے قومی شناختی کارڈز کے لیے جاری ہوگا۔
آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ بھی چِپ کے بغیر کیو آر کوڈ پر مبنی نئے کارڈ میں منتقل ہوگا، پہلے سے جاری تمام شناختی کارڈ اپنی مقررہ تاریخ میعاد تک بدستور کارآمد رہیں گے۔
نادرا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’پاکستان میں تیار کیے جانے والے اس نئے قومی شناختی کارڈ ذریعے درآمدی مائیکرو چِپ پر انحصار ختم ہو گیا ہے۔‘

شیئر: