Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیدل حج کیلئے ٹریفک فری راستے کی تیاریاں

مکہ مکرمہ۔۔۔ پیدل حج کرنے والوں کیلئے مشاعر مقدسہ میں ٹریفک فری راستہ بنانے کی تیاریاں زور شور سے شروع کردی گئیں۔ وزارت حج و عمر ہ اس حوالے سے چوتھے مرحلے کے منصوبے آئندہ حج موسم آنے سے قبل ہی پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے۔ چوتھے مرحلے کے منصوبوں میں روڈ 62 کے پُل(سوق العرب) میں توسیع ہے ۔ یہ میدان عرفات کے مغرب میں وادی عرنہ کے اوپر قائم کیا جارہا ہے۔ اسے پیدل چلنے والوں کیلئے مخصوص شمالی روڈ نمبر 5 سے مربوط کردیا جائے گا۔ دوسرا منصوبہ روڈ نمبر 56 کے پُل (الجوہرہ) میں توسیع کا ہے۔ یہ مغربی عرفات میں وادی عرنہ کے اوپر تعمیر کیا جارہا ہے اور اسے پیدل حج کرنے والوں کیلئے مخصوص جنوبی روڈ نمبر ایک سے مربوط کیاجائے گا۔ تیسرے منصوبے کے تحت مزدلفہ میں ایک پُل تعمیر ہوگا اور 4ڈھلوان بنائی جائیں گی۔ چوتھے منصوبے کے تحت منصوبے میں ایمرجنسی روڈ میں توسیع کی جائے گی۔ یہ وضاحتی بیان حجاج و معتمرین امور کے نگران اعلیٰ اور شٹل سروس رابطہ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر بسام غلمان نے المدینہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ یہ منصوبے حج ایام میں بس ٹریفک اور پیدل حج کرنے والوں کے حوالے سے پیش آنے والے مسائل کے فیلڈ جائزے کے تناظر میں تیار کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خادم حرمین شریفین اور ولیعہد کی صریح ہدایات ہیں کہ ضیوف الرحمان کو بہترین خدمات فراہم کی جائیں اور ان کے آرام و راحت کا غیر معمولی اہتمام کیا جائے۔ 
 

شیئر: