Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انسانی اخوت کا رشتہ ابراہیم علیہ السلام کے پیروکاروں تک محدود نہیں، العیسیٰ

مکہ مکرمہ۔۔۔۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا ہے کہ انسانی اخوت کا رشتہ ابو الانبیاء ابراہیم علیہ السلام کے پیروکاروں تک محدود نہیں۔ اسلامی عقیدے کے مطابق دنیا بھر کے لوگ وہ کسی بھی مذہب یا نسل یا ملک و قوم سے تعلق رکھتے ہوں، سب کے سب انسانی اخوت میں برابر کے شریک ہیں۔ وہ برطانیہ میں " مکمل شہریت کے فروغ" سے تعلق رکھنے والے مسائل پر ہونے والے سہ روزہ مباحثے میں اظہار خیال کررہے تھے جس میں متعدد مذہبی رہنما ، سیاست داں اور دانشور شریک تھے۔ برطانوی حکومت نے اس حوالے سے ولٹن پارک فورم میں وسیع البنیاد مکالمے کا اہتمام کیا۔ العیسیٰ نے کہا کہ عصر حاضر کو اغیار کا احترام کرنے والی نسل درکار ہے۔ ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو انسانوں میں تنوع و اختلاف کو انسانی فطرت کا حصہ مانتے ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب کے درمیان قدر مشترک یہ ہے کہ انسانی وقار کا تحفظ کیا جائے۔ آئین اور قانون کی روشنی میں ہر انسان کے حقوق اور مقررہ آزادی کا تحفظ ہو۔ ہماری مشترکہ سوچ یہ بھی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کو ایک جیسا نہیں بنایا۔ اختلاف فطری امر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اقوام و قبائل کی صورت میں ہمیں پیدا کرکے مکالمے کا درس دیا۔ ایک دوسرے سے تعارف اور افہام و تفہیم نیز تعاون و قربت پیدا کرنے کیلئے بات چیت کا سہارا لینے کی راہ دکھائی۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک کی ایک آیت میں یہ بات بہت واضح الفاظ میں بتا دی ہے کہ " اگر تمہارا رب چاہتا تو سب لوگوں کو ایک امت بنا دیتا"۔ العیسیٰ نے کہا کہ ہر انسان دوسرے انسان کا بھائی ہے، کوئی مانے یا نہ مانے۔ اگر ہم نے انسانی اخوت کو ابراہیم علیہ السلام کے پیروکاروں تک محدود کیا تو ہم پر درجہ بندی اور مختلف انسانوں کو دیوار سے لگانے کا الزام لگایا جائے گا۔

شیئر: