لوک سبھا انتخابات کا پہلا مرحلہ، کاغذات نامزدگی آج سے داخل ہونگے

    نئی دہلی- -  --  لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے تحت91سیٹوں کیلئے پیر کو نوٹیفکیشن جاری ہونے کے ساتھ ہی عام انتخابات کا عمل باضابطہ طورپر شروع ہوگیاہے۔اس کے ساتھ ہی آندھرا پردیش ،اروناچل پردیش اور سکم اسمبلی کی سبھی سیٹوں اور اڈیشہ کی 28اسمبلی سیٹوں کے کیلئے بھی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔آج سے امیدوار کاغذات نامزدگی داخل کرسکیں گے۔اس بار لوک سبھا کی 543سیٹوں کیلئے 7 مرحلوں میں ووٹنگ مکمل ہوگی،جس میں پہلے مرحلے کیلئے 11اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔اس مرحلے میں 20ریاستوں کے علاوہ مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کی 91 سیٹوں کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنیکی آخری تاریخ 25مارچ مقرر کردی گئی،کاغذات کی  جانچ 26مارچ کو ہوگی اور 28مارچ تک نام واپس لئے جاسکیں گے۔اس مرتبہ لوک سبھا کی 543سیٹوں کے لئے7 مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی اور سبھی مرحلوں کے ووٹوں کی گنتی 23مئی کوہوگی۔یو این آئی کے مطابق پہلے مرحلے کے تحت آندھرا پردیش کی سبھی 25،اترپردیش کی 8،مہاراشٹر کی 7،آسام اور اتراکھنڈ کی5 ،5،بہار اور اڈیشہ کی4 ،4،اروناچل پردیش ،میگھالیہ،مغربی بنگال اور جموں و کشمیر کی دو دو اور چھتیس گڑھ،میزورم ،سکم ،تریپورہ،منی پور،انڈمان نیکوبار جزائراور لداخ کی ایک ایک لوک سبھا سیٹ کیلئے ووٹنگ ہونی ہے۔آندھرا پردیش اسمبلی کی سبھی 175،اروناچل پردیش کی سبھی 60،سکم کی سبھی 32اور اڈیشہ کی 147میں سے 28اسمبلی سیٹوں کیلئے پہلے مرحلے میں 11اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے۔ان کے لئے بھی نوٹیفکیشن جاری کئے گئے اور دیگر الیکشن پروگرام بھی پہلے مرحلے کی لوک سبھا سیٹوں کے مطابق ہی ہوں گے۔انتخابات کا اعلان 10مارچ کوکیا گیا تھا اور فوری طورپر ملک بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوگیا ہے۔دوسرے مرحلے میں ووٹنگ 18اپریل کو،تیسرے مرحلے میں 23اپریل کو،چوتھے میں 29اپریل کو،پانچویں میں 6مئی کو ،چھٹے میں 12مئی کو اور ساتویں مرحلے میں 19مئی کو ووٹنگ ہونی ہے۔
مزید پڑھیں:-  - - -شوہر نے زندگی کی بازی ہارکراہلیہ کو بچالیا؟

شیئر: