Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مائیں بیٹیوں کو غیر مسلموں کیساتھ شادی سے روکنے کیلئے محنت کریں،مولانا حسام الدین عاقل

طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکنے کیلئے اولاد کو وقت دیں ، دینی آگہی کا اہتمام کریں، خواتین کے اجتماع سے خطاب
جدہ ( امین انصاری )خواتین اپنے بچوں کی تربیت قرآن اور سنت کے مطابق کرکے بہترین معاشرہ برپا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل ، امیر امارت ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھراپردیش نے محمد یونس سلیم کے گھر پر ( دور حاضر میں بچوں کی تربیت میں خواتین کا حصہ) کے عنوان سے منعقدہ خواتین کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا حسام الدین نے کہا کہ بچوں کی آبیاری میں خواتین کا بہت بڑا رول ہوتا ہے ۔ عورت کا فرض ہے کہ وہ اپنی اولاد کو اسلامی تعلیمات اور دنیوی علوم سے بہرہ ور کرے۔اپنے گھراور خاندان کا نام روشن کرنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو روبہ عمل لائے۔ اچھے اخلاق سے افراد خاندان کا دل جیت کر گھر کو جنت نشان بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ عورت کی تھوڑی سی توجہ بہترین معاشرے کی بنیاد بن سکتی ہے ۔ اولاد کی اچھی تربیت نہ کرنے کی وجہ سے معاشرہ بے راہ روی کا شکار ہوچکا ہے ۔ آج ہماری مسلم لڑکیا ں اور لڑکے غیر مسلموں کے ساتھ دوستی بڑھارہے ہیں اور کورٹ میں اپنے والدین کی مرضی کے خلاف شادی رچا رہے ہیں جبکہ اسلام اس کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ آج معاشرے میں طلاق کا کی شرح بڑھتی جارہی ہے ۔ چھوٹی چھوٹی باتوں پرنا اتفاقیاں طلاق کی نوبت پیدا کررہی ہیں ہمیں سنجیدگی سے اپنی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے ۔ خواتین ٹی وی سیریل اور انٹرنیٹ کی قیدسے باہر نکل کر ا پنی اولاد کو وقت دیں یقینا بہت بڑی تبدیلی آئے گی ۔ انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک لڑکی دینی اور دنیوی علوم میں ماہر ہوگی تو اس کی گود میں پلنے والی نسل تعلیم یافتہ ہوگی۔ لہذا بچیوں کی تعلیم پر توجہ دیں محمد کاشف سلیم ، محمد جاوید ، محمد سہیل سلیم اور محمد امان اللہ نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔

شیئر: