Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابی مہم: پرینکا کشتی کے بعد اب ’’ٹرین یاترا‘‘ شروع کرینگی

لکھنؤ۔۔۔  ریاست اتر پردیش میں کانگریس اپنی کھوئی میراث واپس لانے کیلئے جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کشتی کی سفر مہم کے بعد اب ’’ٹرین یاترا‘‘کے ذریعے انتخابی مہم کا آغاز کرینگی۔اس سے قبل انہوں نے پریاگ راج( الٰہ آباد ) سے وارانسی تک اسٹیمربوٹ کے ذریعے140کلو میٹر کا سفر دریائے گنگا میں طے کرکے مختلف گاؤں او رقصبوں سے ہوتے ہوئے3دن میں بنارس پہنچیں جہاں ماہی گیروں کے اجتماع سے خطاب کیا تھا۔پارٹی ذرائع نے دعویٰ کیا کہ آئندہ ہفتے پرینکا دہلی سے کانپور تک ٹرین سے سفر کرتے ہوئے اجودھیا بھی جائیں گی۔پارٹی کے سینیئر رہنما نے کہا کہ پرینکا گاندھی کے سفر کوحتمی شکل دی جارہی ہے۔ٹرین سے سفرکے دوران پرینکا راستے میں آباد گاؤں اور قصبوں میں جاکر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کرینگی ۔ہندوستان ویب سائٹ کے مطابق فیض آباد سے اناؤ تک انتخابی مہم کے پروگراموں کو ترتیب دیا جارہا ہے۔اس انتخابی مہم کے دوران پرینکا گاندھی رائے بریلی اور امیٹھی میں بھی عوام سے خطاب کرینگی۔واضح ہو کہ وسطی یوپی ماضی میں کانگریس کا گڑھ ہوا کرتا تھا ۔ اس مرتبہ پرینکا عوامی ریلیاں اور ملاقاتیں کرکے کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے میں تمام کوششیں بروئے کار لانے میں مصروف ہیں۔
٭وسطی یوپی کی نشستیں:
کانپور، لکھیم پور، سیتا پور، مسرکھ، ہردوئی، لکھنؤ، موہن لال گنج، اناؤ، رائے بریلی، امیٹھی، سلطان پور، پرتاپ گڑھ، اکبر پور، فیض آباد، بارہ بنکی، قیصر گنج اور گونڈا۔
٭اعدادو شمار کے مطابق2014میں وسطی یوپی سے بی جے پی نے 17میں سے 14سیٹیں حاصل کی تھیںاور2009ء میں کانگریس نے 11نشستیں حاصل کی تھیں۔
مزید پڑھیں:- - - - -آر ایم ایل یونیورسٹی کے سامنے بیگ سےانسانی اعضاء برآمد

شیئر: