Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کانگریس حکومت قائم ہوئی تو ملک سے غربت کا خاتمہ ہوجائیگا، راہول گاندھی

جے پور- - - - کانگریس کے قومی صدر راہول گاندھی نےمنگل کو راجستھان کے ضلع سری گنگا نگر کے سورت گڑھ میں انتخابی مہم کے دوران عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ  کانگریس حکومت قائم ہوئی تو  ہندوستان کی مائیں اور بہنوں کے اکاؤنٹس میں سالانہ 72ہزار روپے جاری کرکے’’نیائے ‘‘اسکیم کا آغاز کیا جائیگا۔نیوز 18 کےمطابق کانگریس صدر نے کہاکہ اگر مودی امیروں کو پیسے دیتے ہیں توکانگریس پارٹی غریبوں کو پیسے دیگی تاکہ ملک سے غربت کاخاتمہ ہوسکے۔راہول  گاندھی نے واضح کیا کہ مودی حکومت نے چند صنعتکاروں کے لاکھوں کروڑ روپے معاف کر دئیے، لیکن کسانوں کے قرضے معاف نہیں کئے۔ حال ہی میں ہونیوالے راجستھان اسمبلی انتخاب میں ہم نے کسانوں کے قرضے معاف کرنے  کا وعدہ کیا تھاجسے پورا کردیا۔انہوں نے نوجوانوں اور کسانوں کوہرطرح سے تحفظ کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت قائم ہوئی تو نوجوانوں کوروزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ رافیل معاہدہ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  مودی جی نے انل امبانی کے لیے چوکیداری کی ۔انھوں نے مزید کہا کہ ’’پی ایم مودی کہتے ہیں کہ میں چوکیدار ہوں، لیکن وہ یہ نہیں بتاتے کہ آخر وہ کس کے چوکیدار ہیں۔کیا آپ نے کسانوں،بے روزگاروں کے گھر وں پر چوکیدار دیکھا ہے؟۔انہوں نے کہاکہ جی ایس ٹی اور نوٹ بندی کے ذریعہ مودی حکومت نے چھوٹے صنعت کاروں اور عام لوگوں کوپریشانی میں مبتلا کردیا۔ مودی جی نے کہا تھا کہ کالے دھن کو ختم کرنے کے لیے نوٹ بندی کا فیصلہ لیا گیالیکن نتیجہ برعکس رہا۔ اس مرتبہ الیکشن میں دو نظریے کی جنگ ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ  گزشتہ 5 سال سے نریندر مودی ملک میں 2ہندوستان تخلیق کرنے میں مصروف ہیں۔ ایک امیروں کے ذاتی طیاروں والا اور انل امبانی کا ہندوستان ، دوسرا کسانوں ، چھوٹے دکانداروں، تاجروں ، مزدوروں، ماؤں ، بہنوں اور بے روزگار نوجوانوں کا ہندوستان ۔ کانگریس صدر نے کہا کہ مودی جی کے ہندوستان میں صرف امیر لوگ ہی خواب دیکھ سکتے ہیں جبکہ کسان، غریب، بچے بہتر زندگی کے خواب دیکھنے سے قاصر ہیں۔واضح ہو کہ ریاست راجستھان میں کُل 25نشستوں پرپارلیمانی انتخابات 2مراحل میں  26اپریل اور6مئی کو ہونگے۔
مزید پڑھیں:- - - -جیہ پردا بی جے پی میں شامل،اعظم خان کیخلاف الیکشن لڑنے کیلئے تیار

شیئر: