تیزرفتار کار اے ٹی ایم سے ٹکرا کر کافی شاپ میں گھس گئی

جازان ۔۔۔ جیزان شہر اور ابوعریش کمشنری کے درمیان تیز رفتار کار بینک کی اے ٹی ایم سے ٹکرا کر کافی شاپ میں گھس گئی ۔ حادثے میں 3 افراد شدید زخمی ہوئے۔ کافی شاپ میں آگ لگ گئی ۔ جازان کمشنری میں ہلال الاحمر کے ترجمان بیشی الصراخی نے سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ پیر کی صبح پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں پھنسے ہوئے ایک شخص کو نکالا جس کی حالت کافی نازک تھی اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے اسپتال منتقل کر دیا ۔ الصراخی نے مزید بتایا کہ امدادی یونٹس کے پہنچنے سے قبل وہاں موجود لوگ پہلے ہی 2 افراد کو اسپتال منتقل کر چکے تھے۔
جائے حادثہ پر موجود عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ تیز رفتار گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر پہلے شاہراہ پر نصب اے ٹی ایم کے پول سے ٹکرائی اس کے بعد وہ قلابازی کھاتے ہوئے ساتھ ہی موجود کافی شاپ سے ٹکرا گئی جس کے فورا بعد اس کے انجن نے آگ پکڑ لی ۔