’سعودی عرب کا شکریہ‘ غزہ کے مکہ سکول میں داخلے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز
سعودی سینٹر فار ہیریٹج کے ذریعے سکول کا انتظام چلایا جا رہا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی نے جنوبی غزہ میں کھولے گئے ’مکہ سکول‘ میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کی رجسٹریشن کا آغاز کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق غزہ میں شاہ سلمان مرکز کے ایگزیکیٹو پارٹنر سعودی سینٹر فار ہیریٹج کے ذریعے سکول کا انتظام چلایا جا رہا ہے۔
سعودی سینٹر کی خصوصی ٹیموں نے طلبہ اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے رجسٹریشن کی درخواستوں پر کارروائی اور سکول میں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کے لیے کام شروع کر دیا۔
’مکہ سکول‘ میں ابتدائی طور پر ایک ہزار بچوں کی گنجائش ہے جبکہ 32 اساتذہ کو ملازمت فراہم کی جائے گی۔ سکول کی گنجائش چار ہزار طلبہ تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔
یہ قدم غزہ میں فلسطینی عوام کی مدد کے لیے سعودی مہم کے تحت محفوظ تعلیمی مراکز قائم کرنے اور انہیں چلانے کے انسانی منصوبے کا حصہ ہے۔

جنگ سے تباہ حال علاقے میں بچوں کے لیے بنیادی خدمات کی بحالی اور تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کی کوششوں میں تیزی آ رہی ہے۔
غزہ کے طلبہ اور ان کے اہل خانہ نے سکول کے افتتاح پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
