Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک پر تبصرے نے ملزم خاتون کو گرفتار کرا دیا

امریکی ریاست پنسلوانیا میں پولیس کو مطلوب خاتون کا فیس بک پرطنزیہ تبصرہ اس کی گرفتاری میں معاون ثابت ہوا ہے۔ 
 کلو جونز نامی خاتون جو حملے اورعدالت میں پیش نہ ہونے پر پولیس کو مطلوب تھیں، نے گرین کاﺅنٹی پولیس کی جانب سے اپنی گرفتاری کے لیے لگائی گئی پوسٹ پر طنزیہ تبصرہ کیا تھا ۔ 
 پنسلوانیا کی گرین کاﺅنٹی کے شیرف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے آفیشل پیج پر مطلوب خاتون کی تصویر شیئر کی ۔ تصویر کے کیپشن میں خاتون کا نام اور ان پر الزامات کی تفصیلات بھی دی گئیں تھی۔ 
خاتون نے پوسٹ پر پولیس اہلکاروں پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ آپ لوگ لے کر جانے کی خدمات ہی فراہم کرتے ہیں یا ڈلیوری سروسز بھی دیتے ہیں؟‘ تبصرہ کے ساتھ ہنسنے والی چار ایموجیز بھی بنائی گئی تھیں۔ 
اس کمنٹ کے بعددیگر سوشل میڈیا صارفین نے بھی پوسٹ پر تبصرے شروع کردیئے اور جونز ان کے ساتھ بحث میں الجھ گئیں۔ انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ وہ اس وقت ویسٹ ورجینیا کے مورگن ٹاﺅن میں واقع ایک ہسپتال میں ہیں ۔
پولیس حکام نے رواں ہفتے خاتون کا سراغ لگایا اور انہیں حراست میں لیتے ہوئے پنسلوانیا میں حکام کے حوالے کردیا۔ 
قانون نافذ کرنے والے ادارے نے خاتون کی گرفتاری کے اعلان کے لیے بھی فیس بک کا سہارا لیااور لکھا کہ ’ جیل میں انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے جونز کواب ہمارے کمنٹ سیکشن میں طنزیہ تبصرہ کرنے میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔ ‘ 
 

شیئر: