Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت : دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال، یومیہ 456 حادثات

ریاض... سعود ی عرب میںگزشتہ برس  دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے یومیہ  456 حادثات  ریکارڈ کئے گئے ۔سعودی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال انتہائی خطرناک ہوتا ہے ۔ 
محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شاہراہوں پر اسمارٹ کیمرے نصب کئے گئے ہیں جو مختلف نوعیت کی ٹریفک خلاف ورزیوں کو خودکار انداز میں ریکارڈ کر کے انہیں مرکزی کنٹرول روم میں ارسال کردیتے ہیں ۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ڈرائیوروں کا چالان کیا جاتا ہے ۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری  اعداد وشمار میں  بتایا گیا ہے کہ گزشتہ برس  مملکت کی سطح پر ہونے والے حادثات   زیادہ تر دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے سے ہوئے۔  یومیہ 456 حادثات صرف موبائل فون کی وجہ سے ہوئے جن میں ہائی ویز پر ہونے والے حادثات کا تناسب زیادہ تھا ۔ 
محکمہ ٹریفک پولیس نے اس ضمن میں ہدایات پر مشتمل کتابچے بھی جاری کئے ہیں  ۔ مختلف مقامات پر انتباہی بورڈز بھی نصب کئے گئے  جن میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال سے ہونے والے ہولناک حاثادت کے بارے میں لوگوں کو خبردار کیا جاتا ہے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران  پوری توجہ سڑک پر ہونی چاہئے ۔ موبائل فون کے استعمال سے  توجہ بٹ جاتی ہے جس سے ڈرائیور اچانک پیش آنے والے حالات کا سامنا نہیں کر سکتا اور حادثہ رونما ہو جاتا ہے ۔
شاہراہوں پر دوران ڈرائیونگ  موبائل فون پر ٹیکس میسیج کرنا انتہائی خطرناک ثابت ہو تا ہے ۔ سعودی محکمہ ٹریفک پولیس کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران ہاتھ میں موبائل فون پکڑنے والے ڈرائیور کا چالان کیا جاتا ہے ۔ انتہائی ضروری حالت میں ہینڈ فری کے ذریعے کالز کرنے میں کوئی ممانعت نہیں تاہم اس سے بھی جہاں تک ممکن ہو سکے اجتناب کرنا چاہئے ۔
 

شیئر: