Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران:امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کا اعلان

ایران کے صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکہ کی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیل اور تیل کے علاوہ دیگر مصنوعات کی برآمد میں اضافہ جاری رکھ کر امریکہ کی پابندیوں کا مقابلہ کرے گا۔
صدر روحانی کا یہ بیان ایرانی ٹی وی پرہفتے کو براہ راست نشر کیا گیا جو امریکہ کے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ ایران کو کم افزودہ یورینیم کی تیاری اور جوہری توانائی کے بجلی گھر کی توسیع سے روکا جائے گا۔  
امریکہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کو روکنے اور اس کی علاقائی طاقت کو کم کرنے کے لیے بھرپور مہم چلائی جائے گی۔
ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ امریکہ ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کو کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے لہٰذا ہمیں اپنی برآمدات بڑھا کر آمدنی میں اضافہ اور اخراجات میں کمی کرنا ہوگی۔
حسن روحانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ایران کی تیل کے علاوہ دیگر برآمدات کا حجم 43 ارب ڈالرز رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تیل کے علاوہ اپنی دیگر مصنوعات کی برآمد میں اضافہ کر کے تیل کی فروخت روکنے کے امریکی منصوبے کو ناکام بنانا ہو گا۔  
گذشتہ ہفتے امریکہ نے ایران سے تیل درآمد کرنے والے ممالک کے لیے رعایتیں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا تاکہ ایران کی تیل کی برآمد کو مکمل طور پر روک دیا جائے۔
ایران پر دباؤ بڑھانے کی خاطر امریکہ نے ایران کے انقلابی گارڈز کو بلیک لسٹ میں بھی شامل کر چکا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ایران کو سیاسی اور اقتصادی محاذ پر تنہا کرنے کی کوششوں کا آغاز گذشتہ برس امریکہ کی جانب سے ایران کے ساتھ ایٹمی سمجھوتے سے علیحدگی سے ہوا۔ واضح رہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر 2015 میں امریکہ اور دیگر ایٹمی طاقتوں کا  سمجھوتہ ہوا تھا۔  
 

شیئر: