Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین میں 2 دہشت گردوں کو موت، 56 کو قید کی سزا

 بحرین کی اعلیٰ عدالت نے دہشت گرد گروہ کی تشکیل کے الزام میں 2افراد کو موت اور 56کو قید کی سزائیں سنادیں۔ 12ملزمان بحرین سے باہر ایران اور عراق میں مقیم ہیں جب کہ ایک جرمنی میں ہے۔ 46بحرین میں موجود ہیں۔ ان میں سے10 جیل سے مفرور ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کے سربراہ عیسیٰ الرویعی نے بتایا کہ اعلیٰ عدالت نے سابق سزائیں برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔ بحرینی ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ 2ملزمان کو دہشت گرد گروہ کی تشکیل کا الزام ثابت ہوجانے پر موت اور دیگر کو قید کی سزائیں دی جائیں۔ ان پر سپاہیوں کو قتل کرنے کی کوشش اور دہشت گردانہ مقاصد کی خاطر اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کے استعمال کی تربیت کے الزامات ثابت ہو گئے تھے۔
دہشت گردانہ مقاصد کے لیے اسلحہ و گولہ بارود چھیننے ، استعمال کرنے اور درآمد و ذخیرہ کرنے کے الزامات کے علاوہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملے  اور مزاحمت کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔ ایک الزام یہ بھی تھا کہ ملزمان گرفتاری کے بعد نہ صرف یہ کہ فرار ہوئے بلکہ مجرموں کو فرار میں مدد بھی دی۔ 
یادرہے کہ بحرین میں فوجداری کی اعلیٰ عدالت نے 31جنوری 2018ءکو 2ملزمان کو موت ،19ملزمان کو عمر قید اور 17کو 15برس ، 9کو10برس اور11 کو 5برس قید کی سزا دی تھی۔ 2کو بری کر دیا تھا ۔ 47ملزمان کی شہریت منسوخ کرنے اور مختلف اشیا ضبط کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔ 
خیال رہے کہ بحرین کی اپیل کورٹ نے 28جنوری 2019ءکو ملزمان کی اپیل منظور کر لی تھی۔ 4ملزم خواتین کی قید کی سزا میں ترمیم کی درخواست بھی قبول کر لی گئی تھی۔ 

شیئر: