Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی طالب علم نے بین الاقوامی مقابلے میں آئن اسٹائن کا خطاب جیت لیا

 
عبداللہ الجبارہ نامی سعودی لڑکے نے فزکس کے بین الاقوامی مقابلے میں البرٹ آئن اسٹائن کا خطاب جیت لیا ۔الجبارہ فزکس کا شہرہ آفاق سائنس دان بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔
الجبارہ کا تعلق الخفجی سے ہے یہ شہر سعودی عرب اور کویت کی سرحد پر واقع ہے ۔ الجبارہ نے الخفجی سے الجبیل اور وہاں سے دمام منتقل ہو کر فزکس کے میدان میں کام کرنے کا عزم کیا۔ فزکس کے بین الاقوامی مقابلے میں عالمی سطح پر ان کا نمبر دسواں اور مسلم عرب دنیا میں دوسرا ہے۔
خداداد صلاحیت اور بڑا خواب
الجبارہ نے اقوام متحدہ سے البرٹ آئن اسٹائن کا اعزاز حاصل کرنے کے بارے میں مشرقی ریجن کے دارالحکومت دمام سے شائع ہونیوالے جریدے ’الیوم‘ کو بتایا کہ میں اب 16برس کا ہوں ۔فزکس کا دل دادہ ہوں ۔ ثانوی اسکول میں زیر تعلیم ہوں ۔ ساتویں جماعت میں تھا جب فزکس سے لگائو پیدا ہو گیا تھا ۔ ڈاکٹر محمد الفقیہ نے مجھ میں فزکس کا مزید شوق اجاگر کیا۔ انہی دنوں الاحسا میں فزکس کا سپیشل کورس ہو رہا تھا میں اس میں شامل ہوا ۔ ڈاکٹر الفقیہ نے  جو اس کورس کے انچارج تھے میری دلچسپی دیکھ کر میرے والد انجینیئرعیسیٰ سے تعریف کی اور انہیں مشورہ دیا کہ اگر الجبارہ نے جدہ میں ہونے والے فزکس کے ایڈوانس کورس میں حصہ لے لیا تو ان کے لیے کافی فائدہ مند ہو گا۔ 
میرے والد نے مشورہ قبول کر کے میرا نام  فوراً ہی ایڈوانس کور س میں درج کرادیا۔ اس کورس کے اختتام پر مجھے ’فزکس کا ستارہ ‘نامی اعزاز ملا۔ پھر ریاض میں فزکس کا بین الاقوامی مقابلہ ہوا جہاں دوسری پوزیشن میرے حصے میں آئی ۔ اس کے بعد میں نے  فزکس میں صلاحیت کے پانچ امتحان دیے۔
پہلا ریاض ، دوسرا مصر کے شہر شرم الشیخ ، تیسرا اماراتی شہر دبئی ، چوتھا سلطنت عمان کے دارالحکومت مسقط اور پانچواں کویت میں ہوا تھا۔یہاں سے مجھے اقوام متحدہ کی سطح پر اپنی قسمت آزمانے کی راہ ملی ۔
اقوام متحدہ نے البرٹ آئن اسٹائن کا اعزاز پانے والوں میں میرا نام شامل کر کے میری زندگی میں انقلاب برپا کر دیا۔  50ممالک کے 1059امیدواروں میں میرا نمبر 10واں اور سعودی عرب کی سطح پر پہلا تھا۔
ناممکن کچھ بھی نہیں 
الجبارہ کی  رائے ہے کہ کسی بھی خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ناممکن کچھ بھی نہیں ۔ فزکس میں عالمی مقام حاصل کرنا میرا خواب ہے ۔ضرور شرمندہ تعبیر ہو گا ۔
 

شیئر: