Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لیزر لائٹس والا لباس پہن کر رقص کرنے پر تنازع

عید الفطر کے موقع پر مکہ مکرمہ کی بلدیہ کے زیر انتظام مخصوص رقص کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث کا آغاز کر دیا۔
وائر ل ہونے والی وڈیو میں چند افراد کو موسیقی پر مغربی انداز میں رقص کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ رقص کرنے والوں نے جو لباس پہنا ہوا ہے اس پر مخصوص لیزر لائٹس لگائی گئی ہیں جو موسیقی کے ردھم کے ساتھ تیز اور ہلکی ہوتی ہیں۔
بلدیہ کے دفتر میں اور اعلی عہدیداروں کی موجودگی میں رقص کی محفل پر لوگوں کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں اس قسم کے رقص کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔
 میونسپل کونسل کے صدر فہد الروقی نے اپنے ٹو ئٹر اکاﺅنٹ پر کہا ہے کہ ’بہت معذرت کے ساتھ شہر مقدس کی بلدیہ کو یہ زیب نہیں دیتا کہ اس قسم کا رقص مکہ مکرمہ میں منعقد کروایا جائے بلکہ اس میں اعلی عہدیداروں کی شرکت اور بھی کسی طرح مناسب بات نہیں۔ رقص کی یہ محفل اہل مکہ مکرمہ کی عکاسی کرتی ہے اور نہ ہی انہیں زیب دیتی ہے کہ اس قسم کی محفل منعقد کی جائے۔‘
بلدیاتی کونسل کے صدر الروقی نے سبق نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’کونسل اس معاملے کو اعلیٰ سطح پر اٹھائے گی اور تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش بھی کریں گے۔‘

عید کے موقع پر مختلف شہروں میں تفریحی پرعگرام منعقد کیے جاتے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب ٹوئٹر صارفین کی بڑی تعداد نے مغربی طرز کے اس رقص پر نارا ضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری تہذیب ہے نہ ثقافت اس لیے آئندہ اس قسم کی کارروائی کر کے اہل مکہ کے جذبات کو مجروح نہ کیا جائے۔
دوسری جانب مکہ مکرمہ بلدیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر جس پروگرام کے حوالے سے بات کی جارہی ہے اس میں کوئی امر قابل اعتراض نہیں۔ فنکاروں کا لباس بھی مناسب تھا عید کی مناسبت سے نغموں پر لیزر لائٹوں کے ذریعے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔‘
ترجمان کا کا مزید کہنا تھا کہ ’تقریب کے انعقاد کا مقصد بلدیہ کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر عید کی خوشیوں میں شرکت کرنا تھا ۔ محفل میں جو رقص پیش کیا تھا وہ پہلی مرتبہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر اس فن کا مظاہر ہ کیا جاچکا ہے۔‘
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’جو افراد اس پر اعتراض کر رہے ہیں وہ ان کی ذاتی رائے ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ آپ ہر ایک کو راضی نہیں رکھ سکتے۔ جس فن کا مظاہر ہ کیا گیا اس میں جدید ٹیکنالوجی کو شامل کرتے ہوئے قدیم نغموں کواجاگرکیا گیا ہے جو قابل اعتراض بات نہیں ہو سکتی ۔‘ 
واضح رہے مکہ مکرمہ کی بلدیہ کی جانب سے عید الفطر کی مناسبت سے تفریحی پروگرامز کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس میں ثقافتی رقص، اسٹیج شو اور دیگر پروگرام شامل ہیں۔ 

شیئر: