سعودی عرب کے کئی علاقوں میں جمعے سے اتوار تک بارش کا الرٹ
جمعرات 22 جنوری 2026 20:48
سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد وغبارکا بھی امکان ہے۔ (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے ممکت کے کئی علاقوں میں جمعے سے اتوار تک بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق بیان میں کہا گیا ’مکہ مکرمہ ریجن ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کی زد میں رہے گا، سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور گرد وغبارکا بھی امکان ہے۔‘
’مکہ مکرمہ شہر، جدہ ، رابغ، خلیص، الجموم، بحیرہ اور الکامل بارش سے متا ثر ہوں گے۔
ریاض ریجن میں دارالحکومت ریاض، رماح، المجمہ، الزلفی، الغاط، شقرا، ثادق، حریملا، مرات، ضرما، عفیف، الدوادمی، القویعیہ، الرین، الحریق، المزاحمیہ، الدلم، حوطہ بن تمیم اور الخرج ہلکی سے درمیانے درجے می بارش کی زد میں رہیں گے۔
تبوک، الجوف، حدود الشمالیہ، مدینہ، حائل، القصیم، اور الشرقیہ ریجن کے علاقے درمیانی سے شدید بارش سے متاثر ہوں گے، سیلابی کیفیت، ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں متوقع ہیں۔۔
ڈائریکٹوریٹ نے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے۔‘
سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔
