Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شادی کی تقریب منسوخ ہوتے ہی نوجوان پر تحائف اور آفرز کی بارش

ٹوئٹر پر نوجوان کا پیغام دیکھ کر لوگوں نے ان سے اظہار ہمدردی کیا۔ فوٹو اے ایف پی
 سعودی عرب میں ہوٹل نے ماجد نامی ایک نوجوان کی شادی کی تقریب کو منسوخ کیا ہی تھا کہ شادی میں تاخیر سے اس نوجوان کی قسمت کھل گئی اور اس پر ہر طرف سے آفرز کی بارش ہونے لگی۔
جدہ میں جاری موسم گرما کے فیسٹول ’سیزن جدہ‘ کے باعث ہوٹل انتظامیہ نے سعودی نوجوان کی شادی کی تقریب کی بکنگ منسوخ کر دی جس پر نوجوان نے دکھ بھرے انداز میں ٹوئٹر پر ہوٹل کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’یارو سوچو، یہاں میری شادی کی تقریب ہونی تھی مگر اب ’سیزن جدہ‘ سے یہ ممکن نہیں رہا، میری خوشی خراب ہو گئی۔‘
ٹوئٹر پر پیغام دیکھ کر لوگوں نے نہ صرف ان سے اظہار ہمدردی کیا بلکہ اسے ائیر لائن، ہوٹلز اور دیگر اداروں کی جانب سے بے شمار آفرز موصول ہونے لگیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نوجوان کو مختلف تحائف اور سیاحتی پیکیجز دینے کا اعلان کیا جا رہا ہے۔
ویب سائٹ اخبار 24 کے مطابق ماجد کمال نامی نوجوان نے دو ماہ قبل اپنی شادی کی تقریب کے لیے کورنیش جدہ کے فائیو سٹار ہوٹل میں بکنگ کرائی تھی مگر تقریب سے 10 روز قبل ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے میسج موصول ہوا کہ ’سیزن جدہ‘ کے باعث ہوٹل مکمل طور پر بک ہے اس لیے آپ کی تقریب یہاں نہیں ہو سکتی۔ شادی کے لیے کسی دوسری جگہ کا انتظام کریں۔
ہوٹل کی جانب سے موصول ہونے والے پیغام نے نوجوان کے خوابوں کو چکنا چور کر دیا۔ اس نے انتہائی دکھ بھرے اندازمیں ٹویٹ کیا ’دوستو ذرا سوچو اس مقام پر میری شادی کی تقریب ہونا تھا جسے میں نے دو ماہ قبل بک کرایا اور تمام تیاریاں مکمل کر لیں۔ شادی سے 10 روز قبل جب میرا وقت بھی نہیں گزر رہا تھا، ہوٹل نے میرے تمام منصوبوں اور خوشیوں پر یہ کہہ کر پانی پھیر دیا کہ تقریب کا انعقاد ممکن نہیں کوئی اور جگہ دیکھیں۔‘
نوجوان نے استفسار کہ کیا یہ درست عمل ہے؟

’جدہ سیزن‘ نے نوجوان کو ٹویٹ کیا ’ماجد آپ کی خوشی ہماری خوشی ہے۔ کیا خیال ہے آپ کی شادی کی تقریب میں اہل جدہ بھی شریک ہو۔‘ فوٹو اے ایف پی

سوشل میڈیا پر اس بحث کا آغاز ہو گیا۔ لوگوں نے ہوٹل انتظامیہ کو قصور وار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنا شیڈول پہلے سے مرتب کرنا چاہیے تھا۔ عین وقت پر کسی کی تقریب منسوخ کر دینا مناسب عمل نہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بحث کے دوران ہی سعودی ائیر لائن کی جانب سے نوجوان کے لیے بیرون ملک سفر کے ٹکٹ اور رہائشی پیکیج کا بھی اعلان کر دیا گیا جس کے بعد مزید آفرز کی بارش ہونے لگی۔
ایک ماہر بیوٹیشن نے دلہن کے میک اپ کی آفر کی تو فائیو سٹار ہوٹل کی جانب سے نوجوان کو ہنی مون پیکج کے علاوہ سعودی ٹیلی کام نے 50 جی بی انٹرنیٹ پیکیج دینے کا اعلان کیا۔
ایک اور فائیوسٹار ہوٹلز کی جانب سے جوڑے کو دو راتوں کے قیام کی آفر کی گئی ہے۔ نوجوان کو دیگر ائیر لائنز کی جانب سے بھی آفرز موصول ہو رہی ہیں جن میں اسے کہا گیا ہے کہ شادی کے بعد اسے ائیرلائن کی جانب سے پیکج دیا جائے گا۔
ماجد کمال کو ٹوئٹر پر ملنے والی آفرز پر ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’جو تنگی کے بعد ملے وہ خوشی بڑی ہوتی ہے، اللہ آپ کو مبارک کرے۔‘
’جدہ سیزن‘ کی جانب سے نوجوان کو ٹویٹ کیا گیا ’ماجد آپ کی خوشی ہماری خوشی ہے۔ کیا خیال ہے آپ کی شادی کی تقریب میں اہل جدہ بھی شریک ہو اور اسے ایک یادگار تقریب بنایا جائے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا ’ماشااللہ دیکھا تاخیر میں آپ کے لیے کتنی بہتری ہوئی۔‘
ایک صارف نے کہا کہ ’آپ کی شادی کی تقریب یادگار رہے گی، سیزن جدہ کے سبب ایک طرح سے اہل جدہ بھی آپ کی تقریب میں شریک ہوں گے، آپ کو شادی مبارک ہو۔‘

شیئر: