Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رحیم یار خان: ٹرین حادثے میں 11 افراد ہلاک

 ضلع رحیم یار خان میں ولہار ریلوے سٹیشن پرلاہور سے کوئٹہ جانے والی مسافر ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں گیارہ افراد ہلاک اور 60 سے زائد ہوئے ہیں۔
ڈی پی او رحیم یار خان کے ترجمان ذیشان محمود نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ اکبر ایکسپریس ٹرین لاہور سے کوئٹہ جا رہی تھی کہ ٹرین ٹریک پر کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس حادثے میں انجن سمیت تین کوچیں مکمل تباہ ہوئی ہیں جبکہ دو کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ریسکیو آپریشن جلد مکمل ہونے کے قریب ہے۔ 

ٹرین حادثات میں اضافے کے بعد ریلوے کے بنیادی ڈھانچے پر سوال اٹھائے جارہے ہیں۔ 

پاکستان ریلوے کی ترجمان قرۃ العین نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان ریلوے کا پیرا میڈیکل سٹاف اور ریسکیو کے ادارے متاثرین کو موقعے پر ابتدائی طبی امداد مہیا کر رہے ہیں، جبکہ ہلاک ہونے والے افراد اور مریضوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ حیدرآباد کے قریب بھی ایک ٹرین ایک پہلے سے کھڑی مال گاڑی سے جا ٹکرائی تھی جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
ترجمان ریلوے نے ریلوے کے نظام میں خرابی کے سوال پر کہا کہ اس میں انسانی غفلت کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا، لیکن حتمی بات انکوائری کے بعد سامنے آئے گی۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہمدردیاں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور وہ زخمیوں کی جلد بازیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ وزیر ریلوے کو کہا گیا ہے کہ وہ کئی دہائیوں سے جاری ریلوے کی غفلت کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

شیئر: