Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپ میں شدید گرمی کا نیا ریکارڈ، لوگ بے حال، ٹرینوں کی سروس معطل

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جمعرات کو گرمی کا 70 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جب درجہ حرارت 42.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ اس سے قبل پیرس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 1947 میں 40.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
پیرس میں حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ان افراد پر بطور خاص نظر رکھیں جو اکیلے رہائش پذیر ہوں۔
شمالی یورپ خاص طور پر فرانس، جرمنی اور بیلجیئم میں گرمی کی لہر نے لوگوں کی صحت کے حوالے سے بھی مسائل پیدا کر دیے ہیں جبکہ ریل کے ذریعے سفر کرنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔  

جمعرات کو جرمنی میں ریکارڈ 41.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، تصویر: اے ایف پی

یورپ کے کئی ممالک میں نقصانات سے بچنے کے لیے ریل کی آمدورفت کو کم کر دیا گیا ہے۔ فرانس میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ ریل کے ذریعے اپنے سفر کو کچھ موخر کر دیں جبکہ جرمنی کی ریلوے کمپنی ’ڈوئچے باہن‘ نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ بغیر معاوضے کے ٹکٹ کی تاریخ میں تبدیلی کرا سکتے ہیں۔
پیرس میں حکام کا کہنا ہے کہ میٹرو میں بہت گرمی ہے، جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ ایئر کنڈیشنگ سسٹم کام نہیں کر رہا جبکہ عوام کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

یورپ میں جاری گرمی کی شدید لہر میں جمعہ کو بارش سے کمی آنے کا امکان ہے۔ تصویر: روئٹرز

شدید گرمی کے باعث تاروں میں پیدا ہونے والی خرابی کی وجہ سے برسلز سے لندن اور پیرس جانے والی ٹرینوں ’یورو سٹار‘ اور ’تھیلس‘ کی سروس میں بڑی تاخیر اور منسوخی دیکھنے میں آئی ہے۔
یورپ میں جاری گرمی کی لہر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ جمعے کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جس سے اس کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔ یورپ میں حالیہ گرمی کی لہر نے لوگوں کی توجہ موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والے مسائل کی جانب مبذول بھی کرا دی ہے۔

رواں برس پیرس میں شدید گرمی کا 70 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ تصویر: اے ایف پی

برطانیہ میں درجہ حرارت 38.1 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جو کہ ملک میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیے گئے درجہ حرارت 38.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہے۔
اسی طرح ہالینڈ میں 1944 کی گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا اور درجہ حرارت 40.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ تک جا پہنچا۔ 
نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں لوگوں کے ہجوم نے شہر کے مرکزی فوارے کے پانی میں چھلانگ لگا دی جبکہ میونسپل کارکنان نے شہر کی اہم نہروں کے اوپر پلوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا تاکہ شدید گرمی میں انہیں ٹیڑھا ہونے سے بچایا جا سکے۔

ایمسٹرڈیم میں لوگوں نے گرمی کی شدت کے باعث شہر کے مرکزی فوارے کے پانی میں چھلانگ لگا دی۔ تصویر: اے ایف پی
 

ڈچ پولیس نے ازراہ مذاق کہا ہے ’جرائم پیشہ افراد شدید گرمی کی لہر میں چوری اور ڈاکہ زنی کی منصوبہ بندی نہ کریں۔‘
جمعرات کو مغربی جرمنی میں بھی ریکارڈ 41.5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔  
شدید گرمی کی وجہ سے ماحول کو تحفظ دینے کی غرض سے آج جمعہ کو مغربی جرمنی میں گروہندے کا ایٹمی پلانٹ بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ایٹمی پلانٹ کے آپریٹر کا کہنا ہے کہ پلانٹ کو بند کر کے اسے ٹھنڈا رکھنے کے لیے استعمال ہونے والا پانی دوبارہ دریاؤں میں بہایا جا رہا ہے تاکہ گرمی سے متاثر ہونے والے دریاؤں کے موحولیاتی نظام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ فرانس میں 2003 کی گرمیوں کے موسم میں 15 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے اور حکام پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات نہیں کیے۔
یورپ میں بعض جگہ زیر زمین پانی بھی کم ہو گیا ہے اور حکام نے پانی کے استعمال پر کچھ پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں۔  
رواں برس 26 سے 28 جون کے درمیان فرانس میں درجہ حرارت 1900 کے مقابلے میں چار ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

شیئر: