Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن سے حج کے لیے سائیکلوں پر سفر کرنے والے نوجوان مصر پہنچ گئے

آٹھ نوجوانوں میں سے سات پاکستانی نژاد ہیں۔ فوٹو: اخبار 24
لندن سے آٹھ نوجوانوں کا ایک قافلہ تقریبا ڈیڑھ ماہ قبل سائیکلوں پر حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوا تھا جو جمعے کی شب مصر پہنچ گیا ہے۔ قافلے میں سات نوجوان پاکستانی نژاد شامل ہیں جبکہ آٹھویں کا تعلق سری لنکا سے ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز  کے مطابق سائیکل سواروں کا اصل مقصد حج کے ساتھ ساتھ پانچ ممالک کے غریب اور نادار لوگوں کے لیے چندہ اکھٹا کرنا ہے۔
سائیکل سوار قافلے کے  سربراہ 45 سالہ طاہر حسن اختر کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ سفر ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا۔
روئٹرز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اگرچہ ہمیں اس سفر میں کافی دشواریوں کا بھی سامنا کرنا پڑا تاہم ہمارا مقصد عظیم ہے۔ مشکلات آسان ہو جاتی ہیں اگر حوصلے بلند اور ارادہ پختہ ہو۔ ہم بیت اللہ کی زیارت کے لیے جا رہے ہیں جہاں سے بلاوا آئے تو ہر مشکل خود ہی حل ہو جاتی ہے۔‘ 
دریں اثناء مصری اخبارالاھرام کا کہنا ہے کہ سائیکل سوار قافلے نے زمانہ قدیم کے قافلوں کی یاد تازہ کر دی جب عازمین حج اونٹوں پر سفر کر صحراء عبور کرتے ہوئے مکہ پہنچا کرتے تھے۔ 
سائیکل سوار 17 ممالک اور تین براعظموں سے ہوتے ہوئے چار ہزار کلو میٹر کی مسافت طے کر کے مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔ وہ مصر کی بندر گاہ ’صوب الغردقہ‘ سے سمندری جہاز میں سوار ہو کر سعودی عرب کے ساحلی شہر ضباء پہنچیں گے جہاں سے جدہ اور مکہ مکرمہ پہنچ کر مناسک حج کی ادا کریں گے۔
قافلے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ مختلف ممالک میں غریب اور نادار افراد کی مدد کے لیے چندہ اکھٹا کرنے اس مہم پر نکلے ہیں۔ ’ہمارا ہدف پانچ لاکھ پونڈ جمع کرنا ہے جس سے پاکستان، سری لنکا، جنوبی افریقہ اور یوگینڈا میں سکول و مساجد کی تعمیر اور ان علاقوں میں جہاں پانی کی قلت ہے کنوئیں کھودنے کے علاوہ ضرورت مندو ں کی مدد کریں گے۔‘ 
واضح رہے اس سے قبل پاکستان سے معروف پیس واکر خانزادہ کثرت رائے نے تین برس قبل حج کے لیے کراچی سے مکہ کا سفر پیدل طے کیا تھا۔ وہ دنیا میں قیام امن کا پیغام لے کر نکلے تھے۔
سعودی عرب پہنچنے پر انہیں غیر معمولی پذیرائی ملی تھی۔

شیئر: