Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ میں سیاہ فام بچوں کی شرح اموات زیادہ

امریکہ کے قومی ادارہ صحت کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کی تازہ ترین رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سفید فام بچوں کی نسبت سیاہ فام بچوں میں شرح اموات زیادہ ہوتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2017 میں سیاہ فام خواتین کے بچوں میں شرح اموات 10.97 تھی جو کہ سفید فام، ایشیائی اور ہسپانوی خواتین کے مقابلے میں دو گنا ہے۔
سفید فام خواتین کے بچوں میں موت کی شرح 4.67، ایشیائی خواتین میں 3.78 اور ہسپانوی خواتین میں 5.1 ہے۔ امریکی انڈینز اور الاسکا کے مقامی خواتین کے بچوں میں یہ شرح 9.21 ہے۔  
رپورٹ کے مطابق 2017 میں 22 ہزار بچے اپنی پہلی سالگرہ سے قبل ہی فوت ہو گئے۔ یہ ہر ایک ہزار بچوں میں 5.79 کی شرح بنتی ہے۔ یہ شرح 2005 سے 16 فیصد کم ہے جس برس ملک میں بچوں کی شرح اموات سب سے زیادہ تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ماؤں کی سماجی و اقتصادی حیثیت، صحت کی سہولیات اور غذائیت بخش خوراک بچوں کی صحت پر اثر انداز ہوتی ہے۔

نومولود بچوں کی شرح اموات کی بنیادی وجوہات میں قبل از وقت پیدائش، کم وزن اور دم گھٹنے جیسی حادثاتی چوٹیں شامل تھیں، تصویر: اے ایف پی

امریکی ادارہ صحت کے مطابق 2017 میں ایک تہائی شیر خوار بچوں کی اموات کی وجہ قبل از وقت پیدائش تھی۔ رپورٹ میں قبل از وقت پیدائش سے مراد حمل کے 37 ہفتے بعد پیدا ہونا بتایا گیا ہے۔
اگرچہ حالیہ برسوں میں بچوں کی قبل از وقت پیدائش کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے جو کہ 2015 سے 2017 کے درمیان زیادہ تھی، رپورٹ کے مطابق افریقی امریکی خواتین میں قبل از وقت بچوں کی شرح پیدائش زیادہ ہے۔
سی ڈی ایس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2017 میں سیاہ فام خواتین کے قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں میں موت کی شرح سفید فام خواتین کے قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں کے مقابلے میں تین گنا زیادہ تھی۔ قبل از وقت پیدائش کے بعد زندہ بچ جانے والے بچوں کو سانس لینے، سننے اور دیکھنے میں تکلیف جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
امریکی ادارہ صحت کے مطابق قبل از وقت پیدائش ایک چیلنج رہے گا کیونکہ اس کی وجوہات پیچیدہ اور ہمیشہ جانی پہچانی نہیں ہوتیں۔
رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ حاملہ خواتین سگریٹ نوشی، منشیات اور شراب نوشی ترک کر دیں تو بچوں کی قبل از وقت پیدائش کی شرح میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
2017 میں نومولود بچوں کی شرح اموات کی بنیادی وجوہات میں قبل از وقت پیدائش، کم وزن، دم گھٹنا اور حادثاتی چوٹیں شامل تھیں۔
ماہرین صحت کہتے ہیں کہ بچے کی پیدائش سے قبل اور بعد میں ماؤں کو بہتر غذا مہیا کی جائے تو بچوں اور ماؤں کی شرح اموات کم ہو سکتی ہے۔  یاد رہے کہ سفید فام ماؤں کی نسبت سیاہ فام ماؤں میں ڈلیوری کے دوران شرح اموات تین سے چار گنا زیادہ ہے۔

شیئر: