Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پہلے اداکارائیں لڑتی ہوں گی،آج کی خواتین اکھٹی ہیں‘

مشن منگل میں عدم تحفظ کا شکار نہیں تھے بلکہ ہم اپنے کام سے لطف اندوز ہوئے۔ (فوٹو:ٹوئٹر)
خواتین سائنسدانوں پر بننے والی فلم ’مشن منگل‘ کی اداکارہ ودیا بالن نے اس تاثر کو رد کیا ہے کہ اکھٹے کام کرنے والی خواتین آپس میں لڑتی ہیں۔
مشن منگل میں اداکارہ ودیا بالن کے ساتھ دیگر اداکاراؤں میں تاپسی پنوں، سوناکشی سنہا، نتھیا مینن اور کیرتی کلہاری شامل ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق اپنی ایک حالیہ انٹرویو میں مشہور اداکارہ ودیا بالن نے کہا کہ ’ یہ ایک عام مفروضہ ہے کہ جب اداکارائیں اکھٹی کام کرتی ہیں تو وہ آپس میں لڑتی ہیں، اور ان میں تناؤ پایا جاتا ہے اور عدم تحفظ کا شکار ہوتی ہیں تاہم میرے تجربے کے مطابق ایسا کہنا غلط ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عدم تحفظ کا شکار نہیں تھے اور ہم اپنے کام سے لطف اندوز ہوئے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ماضی میں خواتین کا آپس میں لڑائی جھگڑے کا تاثر شاید صحیح ہو لیکن آج کی خواتین اکھٹی کھڑی ہیں۔

اس فلم میں خواتین سائنسدانوں کو دکھایا گیا ہے (فوٹو:ٹوئٹر)

مشن منگل فلم مشہور اداکار اکشے کمار نے بنائی ہے اور اس کے ہدایت کار جگن شکتی ہیں۔
یہ فلم انڈیا کے یوم آزادی پر ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم کی کہانی انڈین خلائی مشن کے بارے میں ہے۔
اداکار اکشے کمار نے فلم میں خواتین اداکاراؤں سے متعلق کہا تھا کہ اس فلم نے خواتین کے بارے میں دقیانوسی خیالات کو توڑا ہے کہ خواتین سائنس سمیت ہر میدان میں بہترین کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ 2014 میں انڈین خلائی جہاز کامیابی سے مریخ میں داخل ہوگیا تھا جس میں مرد سائنسدانوں کے ساتھ خواتین سائنسدانوں نے بھی کام کیا تھا۔
خبررساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ودیا بالن نے اس رول کے لیے اس فلم کے ڈائریکٹر کی سائنسدان بہن سے رابطہ کیا تھا۔

شیئر: