Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دھورندھر‘ کے بعد اکشے کھنہ ’دریشیم 3‘ اور رنویر سنگھ ’ڈان 3‘ فلم سے الگ کیوں ہو گئے ہیں؟

رنویر سنگھ نے فرحان اختر کی اگلی فلم ڈان 3 میں شاہ رخ خان کی جگہ لینی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ہندوستان ٹائمز کے مطابق گذشتہ روز منگل کو یہ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ بالی وڈ سٹار رنویر سنگھ فرحان اختر کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ڈان 3‘ سے الگ ہو گئے ہیں۔
پنک ولا کو ذرائع سے معلوم ہوا کہ رنویر سنگھ ’مسلسل ایک کے بعد ایک گینگسٹر فلموں میں نظر نہیں آنا چاہتے تھے۔‘
تاحم اس خبر کے بعد ایک اور ملتی جلتی اطلاع یہ سامنے آئی ہے کہ فلم ’دھورندھر‘ سے سرخیوں کی زینت بننے والے اداکار اکشے کھنہ بھی اپنے اگلے پراجیکٹ سے علیحدہ ہو گئے ہیں۔
بالی وُڈ مشین کی رپورٹ کے مطابق اکشے کھنہ نے سنہ 2022 کی بلاک بسٹر فلم ’دریشیم 2‘ کے متوقع سیکوئل ’دریشیم 3‘ سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے مالی اور تخلیقی اختلافات کے باعث یہ فیصلہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق ’دھورندھر‘ کی شاندار کامیابی کے بعد اکشے کھنہ نے اپنی معاوضے میں نمایاں اضافے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ’دریشیم 3‘ کے لیے اپنے کردار کی ظاہری شکل میں بھی خاص تبدیلیاں چاہیں، جس پر پری پروڈکشن کے دوران فلم سازوں سے اختلافات پیدا ہوئے۔
اختلافات کے بعد بات چیت کسی نتیجے تک نہ پہنچ سکی اور دونوں فریق موقف سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ نہ ہوئے، جس کے بعد اکشے کھنہ نے فلم چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔

’دھورندھر‘ میں اکشے کھنہ نے رحمان ڈکیت کے کردار میں ایسی اداکاری پیش کی جسے کئی ناقدین ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی قرار دے رہے ہیں۔ (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)

اگرچہ تاحال نہ تو اداکار اور نہ ہی پروڈکشن ٹیم کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے آیا ہے، تاہم ’ڈان 3‘ سے رنویر سنگھ کی علیحدگی کے بعد اکشے کھنہ کے اس فیصلے نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔
ادیتیہ دھار کی ہدایتکاری میں بننے والی سپائی تھرلر فلم ’دھورندھر‘ میں اکشے کھنہ نے رحمان ڈکیت کے کردار میں ایسی اداکاری پیش کی جسے کئی ناقدین ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی قرار دے رہے ہیں۔
بلوچ گینگ کے سردار اور پیپلز امن کمیٹی کے بانی کے طور پر ان کا سرد انداز اس برس بالی وُڈ کی نمایاں ترین پرفارمنسز میں شمار کیا جا رہا ہے۔

 

شیئر: