سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ اور لیبر قانون کی 18 ہزار خلاف ورزیاں ریکارڈ
13 ہزار241 غیرقانونی تارکین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی قانون کی مزید 18 ہزار877 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئیں جبکہ 13 ہزار 241 غیرقانونی تارکین کو ان کے ملک واپس بھیجا گیا۔
ایس پی اے کے مطابق’ 18 سے 24 دسمبر کے درمیان مجموعی طور پر 11 ہزار 991 افراد کو اقامہ قانون، 3 ہزار808 کو غیر قانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش اور 3 ہزار 78 کو قانون محنت کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا ۔‘
’غیرقانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار312 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، ان میں سے 55 فیصد ایتھوپین، 44 فیصد یمنی اور ایک فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
علاوہ ازیں 46 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا ہے جو سرحد پار کرکے مملکت سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔
سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 14 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

واضح رہے سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانوناً جرم ہے اور اس کے لیے مختلف سخت سزائیں مقرر ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے’ جو بھی شخص غیر قانونی تارکین کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرے گا، اسے 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال تک جرمانے کے ساتھ گاڑی اور جائداد کی ضبطی کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘
