Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپ سائڈ ڈاؤن لائف: بالی وڈ کی نادان لڑکی کون ہے؟

جھانوی کپور نے فلم ’دھڑک‘ سے بالی وڈ میں بے دھڑک قدم رکھا تھا۔ فوٹو: انسٹاگرام
کبھی بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کے ’آئی کیو‘ یعنی ذکاوت کا مذاق اڑاتے ہوئے انھیں ’ڈم‘ مطلب کم عقل کہا جا رہا تھا، اب باری سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور کی ہے۔
جھانوی کپور نے فلم ’دھڑک‘ سے بالی وڈ میں بے دھڑک قدم رکھا تھا اور اس کے بعد وہ کبھی اپنے کپڑوں کے لیے تو کبھی اپنی باتوں کے لیے ٹرول ہوتی رہیں۔
گذشتہ دنوں وہ ایک کتاب کی تقریب رونمائی میں شامل ہوئیں اور جوں ہی کتاب کے ساتھ ان کی تصاویر میڈیا میں آئيں لوگوں نے انھیں مذاق کا نشانہ ٹھیک اسی طرح بنانا شروع کر دیا جس طرح کبھی انھوں نے عالیہ بھٹ کو نشانہ بنایا تھا۔
ہندی کی کتاب ’کالنگ سہمت‘ کے بک لانچ کے موقعے پر جہاں جھانوی نے اپنی ماں کی طرح ساڑھی پہن کر لباس کے تعین میں اپنے سلیقے کا اظہار کیا وہیں انھوں نے الٹی کتاب پکڑ کر اپنے ’الھڑ پن‘  کا ثبوت بھی دیا۔

ایک انسٹا گرام صارف نے جھانوی کپور آفیشل پر شیئر کی جانے والی تصویر پر لکھا ’یہ وہ سلیبس (سیلبریٹیز) ہیں جن کے ساتھ ہم سیلفی لینے کے لیے مرتے ہیں۔ پڑھنا تو دور کی بات انھیں تو کتاب بھی سیدھی پکڑنی نہیں آتی۔ شکر ہے پرینکا چوپڑہ اور سشمیتا سین جیسی بھی ہیں۔‘
ایک اور صارف نے لکھا ’بک لانچ پر پہنچ گئی ہو کم سے کم کتاب پکڑنا تو سیکھ لو یا پڑھنا ہی نہیں آتا جو الٹی کتاب پکڑ رکھی ہے۔‘
دوسری جانب ٹوئٹر پر لوگوں نے جھانوی کی اس تصویر کے ساتھ ’نادان لڑکی‘ لکھنا شروع کر دیا۔
عالیہ نہم نامی ایک صارف نے جھانوی کپور کی حمایت میں لکھا ’بعض اوقات مجھے لگتا ہے کہ لوگ جھانوی سے بہت زیادہ ظالمانہ اور سفاک برتاو کرتے ہیں۔ ابھی تو ان کی صرف ایک فلم آئی ہے۔ ابھی ان کی جانچ کرنے سے قبل کم از کم تھوڑا انتظار تو کریں۔‘
اس سے قبل ایک انٹرویو میں جھانوی کپور نے کہا تھا کہ وہ روزانہ کسی نہ کسی بات پر ٹرول ہوتی ہیں۔ پہلے انھیں اس بات سے فرق پڑتا تھا اور وہ خود کا تجزیہ بھی کرتی تھیں لیکن اب انھیں لگتا ہے کہ سوشل میڈیا حقیقت نہیں وہ آپ سے پنگے لیتے رہیں گے۔
ایک شخص نے ان کی تصویر کے ساتھ لکھا ’صرف خوبصورتی نہیں دماغ بھی ہونا چاہیے۔‘ جبکہ دوسرے صارف نے لکھا ’اپ سائڈ ڈاؤن لائف۔‘
جھانوی کپور کی آنے والی فلموں میں ’کارگل گرل‘، ’روحی افزا‘ اور ’تخت‘ شامل ہیں۔ وہ نیٹ فلیکس کی آنے والی سیریز ’گوسٹ سٹوریز‘ میں بھی ہیں۔
جب سے وہ آئی ہیں ان کا مقابلہ ان کی والدہ سے کیا جاتا ہے جو کہ اپنے زمانے کی ممتاز ترین اداکاراؤں میں شامل تھیں۔ جھانوی کے لیے اپنا مقام پیدا کرنا مشکل ہے تاہم انھیں فلمیں ملنا آسان ہے کیونکہ وہ ایک بڑے فلمی گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور اس انڈسٹری پر ’اقربا پروری‘ کے الزامات لگتے رہے ہیں۔

شیئر: