Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی اور سعودی وزرائے خارجہ کا رابطہ

وزیر اعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مابین حالیہ رابطے کے بعد پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی تشویش ناک صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز کو کشمیر کے معاملے پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ہونے والے حالیہ رابطوں سمیت سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، صدر سیکورٹی کونسل اور سیکریٹری جنرل او آئی سی کو لکھے گئے خطوط کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ’انڈیا کی جانب سے کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے یکسر منافی ہیں لہذا کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو انڈین بربریت سے بچانے کے لیے عالمی برادری کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔‘

کشمیر میں کئی ہفتوں سے کرفیو نافذ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

اعلامیے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور دونوں وزرائے خارجہ کا خطے میں قیامِ امن کے لیے روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔
خیال رہے کہ انڈیا نے 5 اگست کو کشمیر کی خصوصی آئینی حثیت ختم کرتے ہوئے یہاں کرفیو نافذ کر دیا تھا اور وادی میں تمام طرح کے ذرائع مواصلات پر بھی پابندی عائد کر دی تھی جو اب ہٹائی نہیں گئی۔
انڈین حکومت کے اس اقدام کے بعد سے پاکستان کے دفتر خارجہ نے مختلف ممالک کے سربراہوں اور سفیروں سے رابطے کرکے انہیں کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا ہے اور وادی میں حالات معمول پر لانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا بھی کہا ہے۔

شیئر: