Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میں پاسپورٹ کے بغیر بھی افغانستان چلا جاؤں گا: علی امین گنڈاپور

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے افغانستان کے ساتھ رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاق کے ساتھ افغانستان کے ساتھ رابطہ کرنے سے متعلق بات ہوچکی ہے۔
بدھ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’دیگر ممالک سے رابطے کا اختیار صوبے کے پاس نہیں وفاق کے پاس ہے، ہماری وفاقی حکومت سے بات ہوئی اور وفاق نے آمادگی ظاہر کی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وفاق کی طرف سے ہمیں پیغام ملا ہے کہ افغانستان سے رابطہ کریں۔‘
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ’9 مئی کے بعد میرا پاسپورٹ بلاک ہے جو ابھی تک بحال نہیں ہوا، میرا پاسپورٹ ابھی تک بلاک ہے مگر میں افغانستان بغیر پاسپورٹ کے بھی چلا جاؤں گا۔ میں نے کوشش کی مگر پاسپورٹ بنا کر نہیں دے رہے۔‘
اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے صوبائی اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں ترامیم کی منظوری کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ ’صوبائی اسمبلی کے قواعد و ضوابط میں ترامیم اور اصلاحات صوبے کی پارلیمانی تاریخ ایک سنگ میل ہے۔‘
وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ذاتی اور سیاسی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دینا ہو گی، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ذاتی اور سیاسی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دی گئی اور ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے قوم کا مستقبل داؤ پر لگایا گیا۔‘
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ’ذاتی اور سیاسی مفادات نے آج ملک کو مقروض کر دیا ہے، مقروض قوم کبھی خود مختار نہیں ہو سکتی اور نہ ہی اپنے فیصلے خود کر سکتی ہے، ہمیں خوددار قوم بنانے کے معاشی طور پر اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونا ہوگا۔‘

 

شیئر: