افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا ناقابل برداشت، ’سراغ لگا کر سر کچلنا ہوگا‘: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور ان کی قربانیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر ہونے والے زہریلے پروپیگنڈا کی مکمل بیخ کنی کرنا ہو گی۔
بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ جس طرح سے افواج پاکستان کی قربانیوں کی سوشل میڈیا پر تضحیک کی جا رہی ہے، اس کی جتنی مذمت کی جائے ناکافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوج کے جذبے اور قربانیوں کی وجہ سے ہی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خود سے اور ملک و قوم کے ساتھ اس سے بڑی ظلم و زیادتی نہیں ہو گی کہ اس فتنے کی غیرمتزلزل عزم کے ساتھ بیخ کنی نہ کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارا اولین سیاسی و قومی فرض ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے فتنہ پھیلانے والوں کی مکمل بیخ کنی کریں اور ان کی شناخت کریں چاہے وہ پاکستان میں بیٹھ کر رہے ہوں یا پھر بیرون ملک سے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’جس طرح سے پاکستان کی فوج اور اس کی قیادت کو مطعوم کیا جا رہا ہے، یہ ناقال برداشت ہے بلکہ آخری حد تک جا کر اس سرے کا پتا لگانا ہوگا اور اس کا سر کچلنا ہوگا۔‘