Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترک اور امریکی فوج کی پٹرولنگ

پہلی مشترکہ پٹرولنگ پروگرام کے مطابق مکمل ہو گئی ۔ترک وزارت دفاع
 ترکی اور امریکہ کی مسلح افواج نے شمال مشرقی شام میں سیف زون کی تشکیل کے لیے اتوار کو مشترکہ پٹرولنگ شروع کردی۔
ترک وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شام کے شمالی علاقے اور فرات کے مشرق میں سیکیورٹی زون کی تشکیل کے لئے ترک اور امریکی مسلح افواج کی پہلی مشترکہ پٹرولنگ پروگرام کے مطابق مکمل ہو گئی ۔
 اے ایف پی کے مطابق ترک فوج کی 6بکتر بند گاڑیاں سرحدی علاقے سے شام میں داخل ہوئیں اور وہاں تعینات امریکی دستوں کے ساتھ مشترکہ پٹرولنگ کی۔انقرہ اور واشنگٹن کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت یہ پہلی مشترکہ پٹرولنگ ہے۔
 اس دوران 2ہیلی کاپٹربھی علاقے میں پرواز کرتے رہے۔ترک وزارت دفاع کے مطابق ڈرون بھی تعینات کیے گئے۔

دریائے فرات کے مشرق میں واقع علاقوں کے درمیان’ سیف زون ‘ 32 کلومیٹر طویل ہو گا ۔

 واضح رہے کہ امریکہ اور ترکی کے درمیان 7اگست کو ترک سرحد اور شام کے پیپلزپروٹیکشن یونٹس کے زیر کنٹرول علاقوں کے درمیان’ سیف زون ‘کے قیام کے لیے معاہد ہ ہوا تھا۔ معاہدے کے تحت ترکی کی سرحد کے ساتھ دریائے فرات کے مشرق میں واقع علاقوں کے درمیان’ سیف زون ‘ 32 کلومیٹر طویل ہو گا ۔
سیرین کردش فورسز نے ترک سرحد سے ملحق علاقوں سے اگست کے آخر میں انخلاءشروع کیا تھا۔
فرات کا یہ مشرقی علاقہ امر یکی اتحادی کرد ملیشیا پیپلز پروٹیکشن یونٹس کے کنٹرول میں ہے مگر ترکی ا سے دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ کالعدم گروپ کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے) کا حصہ ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردگان نے سیف زون کے قیام کے لیے پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں شام میں کرد ملیشیا پیپلز پروٹیکشن یونٹس کے خلاف آپریشن کی دھمکی دی تھی۔

شیئر: