’ابو عریش میں رمضان کی راتیں‘ کے عنوان سے ثقافتی میلہ
جازان کی کمشنری ابو عریش میں سیاحتی و علاقائی سرگرمیوں کے حوالے سے رمضان میلے کا افتتاح کر دیا گیا۔ ریجنل میونسپلٹی کی جانب سے رمضان میلے کا انعقاد ایک عوامی مقام پر کیا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق میلے کی افتتاحی تقریب میں کمشنر ابو عریش، عبدہ بن محمد مجرشی اور بلدیہ کے دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔
بلدیہ نے کمشنری کے جس مقام پر میلے کے انتظامات کیے ہیں جو وہ نہ صرف اہلِ علاقہ بلکہ سیر و تفریح کے لیے آنے والوں کے لیے بھی کشش کا باعث ہے۔

میلے کا سلوگن ’ابو عریش میں رمضان کی راتیں‘ رکھا گیا ہے۔ کمشنری کے واٹر ٹینک کے قریب واقع وسیع و عریض کھلے مقام پر میلے کے انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ علاقائی دستکاری کے لیے بھی خصوصی کارنرز قائم کیے گئے ہیں۔
رمضان کی راتوں میں میلے کی سرگرمیوں کا آغاز ساڑھے نو بجے پر ہوتا ہے اور یہ نصف شب کے بعد ساڑھے بارہ تک جاری رہتی ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے علاقائی پکوانوں کے ساتھ ساتھ رمضان المبارک کے حوالے سے دلچسپ پروگرام بھی پیش کیے جا رہے ہیں، جبکہ بچوں کی تفریح کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ریجنل بلدیہ کے نگران کا کہنا ہے کہ ’میلے کے لیے جس مقام کا انتخاب کیا گیا ہے، وہ سیاحتی نقطہ نظر سے بھی اہم ہے، جبکہ علاقے کے لوگوں کے لیے بھی کشش کا باعث ہے۔ خوبصورت موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے کھلے مقام پر پیش کیے جانے والے علاقائی پکوان لوگوں کی دلچسپی کا مرکز ہیں۔‘
میلے میں آنے والوں کا کہنا تھا کہ یہ انتظامیہ کی مثالی کاوش ہے۔ وہ ابوعریش کمشنری میں رمضان کی راتوں کو یادگار بنانے کے لیے انتظامیہ کے شکر گزار ہیں۔