Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نوجوان کس سفر پر نکل رہے ہیں؟

یہ سفر سعودی نوجوانوں کی وطن سے محبت کے اظہار کا ایک طریقہ ہے (فوٹو:واس)
سعودی عرب کے 89 ویں قومی دن کی مناسبت سے جذبہ حب الوطنی اجاگر کرنے کے لیے ’سفر ہمت‘کا آغاز 16 ستمبر سے ہو گا۔ گروپ میں شامل نوجوان شاہ عبداللہ اکنامک سٹی سے سفر کا آغاز کریں گے۔
نوجوانوں کا یہ گروپ  کہیں رکے بغیر 60 شہروں اور قصبوں سے ہوتا ہوا 6 ہزار کلومیٹر کی مسافت طے کر کےسعودی عرب کے قومی دن 23 ستمبر کو واپس شاہ عبداللہ اکنامک سٹی پہنچے گا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ سفر سعودی نوجوانوں کے جوش و جذبے اور وطن سے محبت کے اظہار کا ایک طریقہ ہے۔ شاہ عبداللہ اکنامک سٹی میں ان نوجوانوں کے اعزاز میں  تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔

جذبہ حب الوطنی اجاگر کرنے کے لیے ’سفر ہمت‘کا آغاز 16 ستمبر سے ہو گا (فوٹو:واس)

شاہ عبداللہ اکنامک سٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز احمد لنجاوی نے ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’سفرِہمت‘ سعودی نوجوانوں کی وطن سے محبت اور ان کے جوش و جذبے کا عکاس ہوگا۔ جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنے کایہ انداز منفرد ہے جو اس سے پہلے نہیں اپنایا گیا۔‘
لنجاوی نے مزید کہا کہ ’ہمیں اپنے نوجوانوں پر فخر ہے جو جواں ہمت اور بلند حوصلوں کے امین ہیں، اس مہم میں شامل نوجوان باعزم ہیں ان کے ارادے آسمان کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ یہ سفر ایک چیلنج ہے جو انہوں نے قبول کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ ہرچیلنج پر پورا اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔‘

سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے کورنیش کو سبز رنگ کی روشنیوں سے سجا دیا گیا ہے(فوٹو:واس)

واضح رہے کہ سعودی عرب کے قومی دن 23 ستمبر کو قومی جوش و جذبے سے منانے کے لیے ملک بھر میں تیاریاں عروج پر ہیں۔ مارکیٹوں میں قومی دن کی مناسبت سے پرچم ، بیجیز اور دیگر سامان فروخت کیا جارہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں بھی قومی دن کی مناسبت سے تقریبات کی تیاریاں جاری ہیں۔ گھروں پر بھی قومی پرچم لگائے جارہے ہیں جبکہ روایتی قدیم مارکیٹوں کو جھنڈیوں سے سجانے کا آغاز کر دیا گیاہے۔ کورنیش کو بھی سبز رنگ کی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔
 

شیئر: