Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں 50 لاکھ ڈالر کا ٹوائلٹ چوری

اس ٹوئلٹ کا نام ’امریکہ‘ رکھا گیا ہے اور بلینہم پیلس سے قبل یہ نیویارک میں نمائش پر تھا۔ فوٹو: روئٹرز
برطانیہ میں بلینہم پیلس نامی محل میں فنی شاہکار کے طور پر رکھا گیا 18 کیرٹ سونے کا ٹوئلٹ چوری ہوگیا۔  
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹوائلٹ کی کل لاگت 50 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہے۔ اسے محل کے اندر ایک نمائش میں رکھا گیا تھا جس کا انعقاد اٹلی کے آرٹسٹ موریزیو کیٹلن کے کام کے لیے تین دن قبل کیا گیا تھا۔   
واضح رہے کہ بلینہم پیلس نام کا یہ محل لندن کے مشرق میں 60 میل کے فاصلے پر واقع ہے جہاں سیاحوں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔ بلینہم پیلس دوسری جنگ عظیم کے وقت برطانوی وزیراعظم رہنے والے ونسٹن چرچل کی جائے پیدائش بھی ہے۔
اس ٹوائلٹ کا نام ’امریکہ‘ رکھا گیا ہے اور بلینہم پیلس سے قبل یہ نیویارک کے گوگنہائم میوزیم نام کے عجائب گھر میں نمائش میں رکھا گیا تھا جہاں ایک لاکھ سے زائد افراد کو اسے دیکھنے کا موقع ملا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ٹوائلٹ محل کے فرش میں نصب تھا جس کو اکھاڑا گیا۔ فوٹو: روئٹرز

بلینہم پیلس میں چوری کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنیچر کو پولیس نے بتایا کہ چور کم از کم دو گاڑیوں میں آئے تھے اور انہوں نے صبح پانچ بجے کے قریب ٹوائلٹ کو اس کی جگہ سے اٹھایا۔
تفتیش کار انسپکٹر جیس میلن نے بتایا کہ چوری ہونے والا ٹوائلٹ بلڈنگ میں نصب تھا اور اس کے اکھاڑے جانے کی وجہ سے محل کے فرش کو نقصان پہنچا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک 66 سالہ شخص کو حراست میں لیا ہے، تاہم تاحال ٹوائلٹ کا پتہ نہیں چل سکا۔
بلینہم پیلس کی انتظامیہ نے ٹوائلٹ کی چوری پر افسوس کا اظہار کیا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق گذشتہ سال جب یہ ٹوائلٹ نیویارک کے گوگنہائم میوزیم میں رکھا گیا تھا، تب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عجائب گھر کی جانب سے پیشکش کی گئی تھی کہ وہ عارضی طور پر ٹوائلٹ کو اپنے ذاتی استعمال کے لیے وائٹ ہاؤس میں نصب کرا لیں تاہم انہوں نے اس پیش کش کو رد کر دیا تھا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں