پاکستان نے صومالی لینڈ کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کو مسترد کردیا
جمعے کو امریکہ کا اہم اتحادی ملک اسرائیل صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان صومالیہ کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی سخت مذمت کرتا ہے اور اس سلسلے میں اسرائیل کی جانب سے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے نام نہاد خطے ’صومالی لینڈ‘ کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے اعلان کو مسترد کرتا ہے۔
سنیچر کو وزارت خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ’ایسی غیر قانونی اور اشتعال انگیز کارروائیاں بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور نہ صرف برادر ملک صومالیہ کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالتی ہیں بلکہ پورے خطے کے امن کو بھی متاثر کرتی ہیں۔‘
’عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ ایسی کارروائیوں کو مسترد کرے اور اسرائیل کو وسیع تر خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچانے سے روکے۔‘
مزید کہا گیا کہ ’پاکستان جمہوریہ صومالیہ کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ ملک میں دیرپا امن و استحکام کے حصول کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔‘
ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان فلسطینی عوام کو ان کی زمین سے جبری بے دخلی کے کسی بھی اقدام کو بلا شرط مسترد کرتا ہے اور ان کے حقِ خودارادیت اور ایک آزاد، خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی جدوجہد میں اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، جو 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر قائم ہو اور جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔‘
سعودی عرب نے بھی جمعہ کے روز صومالیہ کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور اسرائیل اور صومالی لینڈ کے درمیان باہمی تسلیم کے اعلان کو مسترد کرنے کا اظہار کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صومالی لینڈ کو بطور ایک آزاد ریاست تسلیم کرنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فی الحال ایسی کسی تجویز کی حمایت نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ جمعے کو امریکہ کا اہم اتحادی ملک اسرائیل صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا تھا۔
