Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 کویتی مسلح افواج کو چوکس رہنے کا حکم

فوج کو کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مستعد رہنے کا حکم دے دیا گیا(فوٹو : القبس)
حکومت کویت نے مسلح افواج کو پوری طرح چوکس رہنے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مستعد رہنے کا حکم دے دیا ہے۔
 یہ حکم کویت اور علاقے میں امن و استحکام کو متزلزل کرنے والی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے دیا گیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق عالمی میڈیا کی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی آرامکو کی تیل تنصیبات پر حملوں میں استعمال ہونے والےکروز میزائل اور ڈرونز عراق کی سرحدوں سے قریب ایرانی اڈے سے بھیجے گئے۔ یہ کویت کا چکر لگاتے ہوئے حملہ آور ہوئے۔ ان رپورٹوں کے تناظر میں حکومت کویت انتہا درجے چوکس ہوگئی ہے۔

تیل تنصیبات پر حملے کے بعدحکومت کویت انتہا درجے چوکس ہوگئی ہے(فوٹو: القبس)

اقوام متحدہ میں متعین کویتی سفیر منصور العتیبی نے اپنے ملک کا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ کویت آرامکو تنصیبات پر حملے کے تناظر میں تحفظ امن کے حوالے سے سعودی عرب کے جملہ اقدامات کی مکمل تائید و حمایت کرتا ہے۔ سعودی عرب اپنی اراضی کے امن و استحکام کی حفاظت کے لیے جو تدابیر کرے گا کویت ان کی مکمل تائید کرے گا۔
کویتی افواج نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کی مذمت کی ہے اور اس عزم کا اظہار کیاہے کہ سعودی عرب کے امن و استحکام اور عوام کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے ہر اقدام میں کویتی افواج برادر ملک سعودی عرب کی افواج کے ساتھ کھڑی ہیں۔
یاد رہے کہ ہفتے کو سعودی آرامکو کی تیل تنصیبات پر ابقیق اور خریص میں ڈرونز اور کروز میزائلوں سے حملے کئے گئے تھے جن سے سعودی عرب کی تیل  اور گیس پیداوار 50فیصد تک کم ہوگئی ہے۔
کویت کی خبروں کے لیے ”اردو نیوزکویت“ گروپ جوائن کریں

شیئر: