Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے مودی کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا

پاکستان نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ 
واضح رہے کہ انڈیا نے وزیراعظم نریندر مودی کے 20 ستمبر کو جرمنی جانے اور 28 ستمبر کو واپس آنے کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی۔ 
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے یہ فیصلہ کشمیر کی صورت حال، وہاں جاری ظلم و بربریت اور انڈیا کے رویے کو سامنے رکھتے ہوئے کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے فیصلے سے اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے۔

انڈین صدر کو بھی پاکستانی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی، تصویر: اے ایف پی

یاد رہے کہ اس سے قبل انڈیا نے اپنے صدر رام ناتھ کووند کے دورہ آئس لینڈ کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی تھی تاہم پاکستان نے انہیں بھی اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
خیال رہے کہ 5 اگست کو انڈیا کی جانب سے اپنے زیرانتظام کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات بھی محدود کر رکھے ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز پاک‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: