Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی: انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ انڈیا سے ہوگا

پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا (فوٹو: اے سی سی)
انڈر 19 ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
جمعے کو دبئی کے سیون ای سیون سٹیڈیم میں پاکستان نے بنگلہ دیش کا 122 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ ایونٹ کے فائنل میں پاکستان اور انڈیا اتوار کو مدمقابل ہوں گی۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، وہ دو چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ان کے علاوہ عثمان خان 27 اور حمزہ ظہور صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ احمد حسین 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے اقبال حیسن ایمان اور سامیون بصیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 27ویں اوور میں 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
اس سے قبل بارش کے باعث میچ کا آغاز تاخیر سے ہوا تھا جس کی وجہ سے میچ کو 27 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے سامیون بصیر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ کپتان عزیزالحقیم نے 20، رفعت بیگ نے 14، شیخ پرویز جیبون اور زواد ابرار نے نو، نو جبکہ کلام صدیقی نے آٹھ رنز بنائے۔
اسی طرح سے فرید حسن سات، محمد عبداللہ پانچ، محمد سبوج دو، اقبال حسین ایمان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ سعد السلام کوئی رن نہ بنا سکے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے چار، حذیفہ احسن نے دو جبکہ علی رضا، محمد صائم اور احمد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 
 

شیئر: